بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پولیس اہلکاروں کو خصوصی تربیت دینے کا فیصلہ

پولیس اہلکاروں کو خصوصی تربیت دینے کا فیصلہ

پشاور۔ محکمہ پولیس نے قدرتی آفات اور حادثات کی صورت میں عوام کو بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اہلکاروں کو خصوصی تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے صوبائی حکومت کو باقاعدہ طور پر مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے آئی جی پی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود کی جانب سے محکمہ قبائلی اُمور کو بھیجے گئے مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ گذشتہ دہائی سے روایتی پولیسنگ کے ساتھ ساتھ باالخصوص قدرتی آفات اور حادثات کے حوالے سے پولیس کی ذمہ داریاں بہت بڑھ گئی ہیں جو متعلقہ اداروں کے مابین بہتر روابط اور تیاری کی اہمیت کو اُجاگر کرتی ہے۔

خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ مقامی پولیس جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے معمول کی پولیسنگ کے علاوہ کسی بھی ناگہانی آفات اور حادثات کی صورت میں فرسٹ ریسپارنڈر کے طور پر کردار ادا کرتی ہے اور سب سے پہلے موقع پر پہنچتی ہے جو اس امر کو لازمی قرار دیتی ہے کہ پولیس عوام کے جانوں کو بچانے کے ساتھ ساتھ کسی بھی قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ضروری آلات اور تربیت سے لیس ہو جس سے نہ صرف ریسکیو کی کوششوں کو تقویت ملے گی بلکہ مصیبت میں مبتلالوگوں کی بروقت امداد اور تحفظ یقینی ہو گی مراسلے میں فرسٹ ریسپارنڈر کا کردار موثر طور پرادا کرنے کے لیے پولیس کی استعدادی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے ضروری تربیت اور آلات صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ماہرین کے ذریعے فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔