بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پارا چنار میں 150کلوواٹ بجلی منصوبے کا افتتاح

پارا چنار میں 150کلوواٹ بجلی منصوبے کا افتتاح


گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑانے کرم ایجنسی کے دو روزہ دورے کے دوران دوسرے دن بدھ کے روز ایجنسی ہیڈکوارٹرہسپتال پاراچنار کادورہ کیا اور پاراچنار بم دھماکوں کے زخمیوں کی عیادت کی۔ گورنر فرداً فرداً زخمیوں سے ملے اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ گورنرنے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کی علاج معالجے کیلئے تمام ترطبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

گورنرنے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے گورنر کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ گورنرنے کہاکہ ایجنسی ہیڈکوارٹرہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے ہدایات پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں جبکہ ایجنسی میں ٹراماسنٹربھی قائم کیاجائیگا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا محمدوزیر،جی او سی بریگیڈئیر اختر،کمشنرکوہاٹ اوردیگر سول وعسکری حکام ان کے ہمراہ تھے۔قبل ازیں گورنرنے شہباز سم ایریگیشن چینل کاسنگ بنیاد رکھاجس کی تکمیل سے 27 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوسکے گی۔

گورنرنے ایجنسی کے دو روزہ دورے کے دوسرے دن مائیکرو ہائیڈروپاور پیہوار کابھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر گورنرکو بتایاگیاکہ اس منصوبے سے 150 کلو واٹ بجلی پیداہوسکے گی جوکہ 300 مکانوں کی ضرورت پورا کرسکے گی۔ گورنرنے ماروخیل ایریگیشن چینل کے تعمیراتی کام کا آغاز کا افتتاح کیا۔دریں اثناء گورنرنے ایجنسی میں گورنرماڈل سکول میں سائنس لیبارٹری کی تعمیراتی کام ، سنٹرل کرم میں بادامہ ہائرسیکنڈری سکول سکول، اپرکرم میں گورنمنٹ گرلزہائیرسیکنڈری سکول کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ موجودہ حکومت تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور قبائلی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس سے قبائلی علاقوں میں شرح خواندگی میں خاطرخواہ اضافہ ہوگااور عوام کی زندگی میں خوشحالی آئیگی۔