بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سوات میں ائیرفورس انفارمیشن اینڈ سلیکشن سنٹر کے قیام کی منظوری

سوات میں ائیرفورس انفارمیشن اینڈ سلیکشن سنٹر کے قیام کی منظوری

پشاور۔خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے وطن عزیز کی فضائی حدود کی حفاظت کیلئے پاکستان ائیرفورس کے فعال کردار پر اسے زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے انہوں نے ملک میں ہوا بازی کے فروغ کیلئے بھی پاک فضائیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اس شعبے کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم اور سیاحت کی ترقی کیلئے بھی پاک فضائیہ کے تعاون سے کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں سوات میں سیدو شریف ائیرپورٹ کی اربوں روپے کی لاگت سے توسیع پر کام تیزی سے جاری ہے جس کے بعد یہاں عنقریب صرف فوکرطیارے ہی نہیں بلکہ بوئنگ اور بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت بھی شروع ہو جائے گی جس سے مقامی لوگوں کے علاوہ ملکی و غیر ملکی سیاح بھی مستفید ہونگے اس کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل عمران خالد کی زیرقیادت وفد سے ملاقات میں کیا۔

جنہوں نے صوبے میں پاک ائیرفورس کے جاری و نئے ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور بعض ضروری فیصلے بھی کئے اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ہوا بازی و فنی تعلیم ائیر کموڈور محمد امین، آفیسر کمانڈنگ ایڈمن ونگ باسط مہتاب، اے ڈی سی فلائٹ لیفٹیننٹ مظہر اشفاق، آفیسر انچارج ورکس اینڈریونیو ریکارڈ فلائٹ لیفٹیننٹ سلیمان خان، سیکرٹری آبپاشی عارف رشید اور چیف انجینئر آبپاشی صاحبزادہ شبیر کے علاوہ سیاحت و کھیل، جنگلی حیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے وفد کی درخواست پر پاک فضائیہ میں ملاکنڈ ڈویژن کے نوجوانوں کی بھرتیوں میں سہولت کیلئے سوات میں ائیرفورس انفارمیشن اینڈ سلیکشن سنٹر کے قیام، کانجو ٹاؤن شپ اور ائیرپورٹ سے ملحقہ تین سو کنال غیرآباد اراضی ہوائی مستقر، ورکشاپس اور عملے کی رہائشی ضروریات کیلئے بروئے کار لانے اور خویشگی جھیل سے ملحقہ مزید اراضی سیاحتی مقاصد کیلئے پاک فضائیہ کو لیز پر دینے کی منظوری بھی دی اور اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں وزیراعلیٰ نے متعلقہ سرکاری محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں پر زور دیا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ بندی میں سکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کے علاوہ انکی ماحولیاتی خوبصورتی، سیاحتی کشش، نوجوانوں کیلئے کھیلوں و تفریح کی سہولیات، وسیع تر عوامی مفاد اور مستقبل کی ضروریات کو بھی پیش نظر رکھیں تاکہ تمام منصوبے پائیدار ثابت ہوں، یہ مقامی آبادی بالخصوص نوجوانوں کے رجحانات و مفادات پر پورے اتریں اور ہر دلعزیز اقدامات ثابت ہوں۔

اُنہوں نے صوبے کے چپے چپے میں خویشگی جھیل جیسے متروک علاقوں کو ڈھونڈ نکال کر سیاحت اور عوامی مفاد کیلئے بروئے کار لانے پر بھی زوردیا اس موقع پر وزیراعلیٰ کو نوشہرہ کے قریب دریا کے سنگم پر واقع خویشگی جھیل اور ملحقہ اراضی پر نیشنل پارک کے قیام اور اسے دریائے سندھ تک سیاحوں کیلئے زیادہ سے زیادہ پرکشش بنانے کیلئے پیش رفت سے آگاہ کیا گیا پرویز خٹک نے پارک میں کشتی رانی، ماہی گیری، جنگلی حیات، بچوں کے جھولوں اور واٹر سپورٹس سمیت دیگر سیاحتی کھیلوں کا بین الاقوامی معیار کے مطابق بندوبست اور منصوبہ بندی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سرمایہ کاری کیلئے پرکشش بنانا ضروری ہے اس عمل میں پاک فضائیہ کی معاونت کا بھی خیرمقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انکی حکومت خویشگی جھیل اور اس سے ملحقہ جنگلات کی تقریباً دو ہزار کنال وسیع اراضی کوترقیافتہ ممالک کی طرز پر نیشنل پارک بنانے میں پوری طرح سنجیدہ ہے انہوں نے جھیل کے ساتھ 284کنال رقبے کو پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کو مزید دس سالہ لیز پر دینے کے مراحل مکمل ہونے اور پاک فضائیہ کے جوانوں کی تربیت کیلئے بوٹنگ کلب قائم کرنے کی توثیق کی اور اس مقصد کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیکر ضروری ہدایات جار ی کیں جبکہ اکیڈمی حکام نے بتایا کہ معاہدے کے تحت بوٹنگ کلب میں عام شہریوں کیلئے مخصوص اوقات میں تربیتی اور تفریحی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی ۔

وزیراعلیٰ نے جھیل سے ملحقہ جدید تھیم و امیوزمنٹ پارک کیلئے باقی اراضی بھی پاک فضائیہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے ادارے اور کمپنیاں خیبر پختونخوا میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ہم سے رابطہ میں ہیں خویشگی جھیل و نیشنل پارک کیلئے بھی خدمات کی پیشکش کی گئی ہے تاہم پاک فضائیہ یہ کام زیادہ بہتر انداز میں کر سکتی ہے پرویز خٹک نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خیبر پختونخوا کو قیمتی معدنیات اوروسائل کے علاوہ پر فضاء سیاحتی مقامات کی دولت سے مالا مال کیا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ان سے استفادے کیلئے پائیدار بنیادوں پر موثر اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ اس ضمن میں اپنا فرض نبھائیں کیونکہ یہ صوبہ ہم سب کا ہے اس میں ہمیں اور ہماری آئندہ نسلوں کو رہنا ہے اسے پر امن اور جنت نظیر بنا کر ہم دنیا میں باوقار قوم کے طور پر جگہ بنا سکتے ہیں صوبے کی ترقی کیلئے یہاں کے عوام و خواص کی صلاحیتوں کا امتحان شروع ہو چکا ہے ہم یہاں عوام اور سرمایہ کاروں کیلئے کرپشن ، کمیشن اور اقرباء پروری سے پاک ماحول قائم کرکے معاشی ترقی ، روزگار کے مواقع میں اضافے، غربت کے خاتمے اور سماجی خوشحالی کی منزل پانا چاہتے ہیں ہمارے اقدامات اس دعوے کا منہ بولتا ثبوت ہیں اُنہوں نے کہا کہ یہ وقت دُنیا سے قدم سے قدم ملا کر باوقار انداز میں آگے بڑھنے کا ہے اور اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم دوسروں پر انحصار کی بجائے اپنے قیمتی وسائل اورمحنتی افرادی قوت کو بروئے کار لائیں ۔

حکام نے بتایا کہ نہ صرف خویشگی جھیل و ملحقہ جنگلات کی تقریباً 2800 کنال اراضی بلکہ قریب ہی واقع دریائے سندھ کے اطراف کو بھی سیاحت، پکنک سپاٹس، کشتی رانی، سفاری کشتی، ماہی گیری اور جاگنگ ٹریکس کے ذریعے ترقی دی جائے اور اسے ملکی و غیرملکی سیاحوں کے علاوہ سرمایہ کاری کیلئے بھی پر کشش بنایا جائے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مردان میں فصلوں پر سپرے کیلئے قائم شدہ ہوائی جہازوں کے ایئر سٹرپ اور رن وے کی وسیع متروکہ سرکاری اراضی کو پیرا گلائیڈنگ اور سیاحتی و ثقافتی مقاصد کیلئے بروئے کار لانے پر بھی کام جاری ہے۔