بریکنگ نیوز
Home / شوبز / بالی ووڈ کے کنگ کا ’’تاج‘‘ شاہ رخ خان سے چھن گیا

بالی ووڈ کے کنگ کا ’’تاج‘‘ شاہ رخ خان سے چھن گیا

ممبئی۔شاہ رخ خان‘ سلمان خان اور عامر خان گزشتہ تین دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں اور تینوں ہی اپنی منفرد اداکاری اور سٹائل کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔ ان میں شاہ رخ خان کو بالی ووڈ کے کنگ‘ سلمان خان کو دبنگ خان اور عامر خان کو مسٹر پرفیکشنسٹ کے ناموں سے جانا جاتا ہے‘ بالی ووڈ کے ’’کنگ‘‘ کا تاج اب شاہ رخ خان سے چھن کر عامر خان کے سر سج چکا ہے۔

شاہ رخ اور سلمان خان کے مقابلے میں عامر خان گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل ہٹ فلمیں دیتے آ رہے ہیں جبکہ شاہ رخ اور سلمان کی ہٹ فلموں کا گراف تیزی سے نیچے آ رہا ہے لہٰذا یہ کہنا بالکل بھی غلط نہیں ہو گا کہ کنگ خان کہلانے کے اب حقدار عامر خان ہیں۔ ایک جانب جہاں عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ بالی ووڈ کے تمام ریکارڈ پاش پاش کر رہی ہے‘ وہیں دوسری جانب سلمان خان کی نئی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ اچھا بزنس کرنے میں ناکام رہی جبکہ شاہ رخ خان بھی 2013ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’چنئی ایکسپریس‘‘ کے بعد کوئی ہٹ فلم دینے میں ناکام رہے ہیں۔

فلموں کی تجارت سے وابستہ تجزیہ کار رمیش بالا کہتے ہیں کہ ویسے تو تینوں خانز ہمیشہ ایک دوسرے کو ٹکر دیتے آئے ہیں تاہم جہاں تک فلموں کی کامیابی کی بات ہے تو عامر خان دونوں خانوں سے کہیں آگے نکل چکے ہیں۔ فلم ڈسٹریبیوٹر اکشے راتھی کہتے ہیں کہ سلمان اور شاہ رخ کے مقابلے میں عامر خان فلموں کے انتخاب میں انتہائی احتیاط سے کام لیتے ہیں اور ایسی فلموں میں کام کرنے کو ہی ترجیح دیتے ہیں جو بھارتی فلم بینوں کے دلوں سے قریب ہوتی ہیں اور یہی ان کی کامیابی کا راز بھی ہے۔

اس کے برعکس سلمان خان اور شاہ رخ خان کی ہر برس ایک فلم ضرور ریلیز ہوتی ہے اور زیادہ فلمیں کرنے کی وجہ سے ناکامیوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اکشے راتھی کا کہنا ہے کہ بحیثیت سٹار عامر خان کے مداحوں کی تعداد ممکن ہے کہ شاہ رخ اور سلمان خان سے کم ہو لیکن عامر خان پر ان کے مداحوں کو بھروسہ ہے‘ وہ سمجھتے ہیں کہ عامر خان جس فلم میں بھی ہوں گے اس میں کچھ نیا اور مختلف ہوگا۔ یاد رہے کہ ’’دنگل‘‘ سے قبل عامر خان کی فلم ’’پی کے‘‘ اور ’’تھری ایڈیٹس‘‘ بھی سپر ہٹ ثابت ہوئی تھیں اور ان دونوں فلموں میں بھی دیکھنے والوں کیلئے ایک مثبت پیغام پنہاں تھا۔