بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / دولت اسلامیہ کیخلاف جنگ ختم نہیں ہوئی،جنرل سٹیفن

دولت اسلامیہ کیخلاف جنگ ختم نہیں ہوئی،جنرل سٹیفن

بغداد۔ عراق میں امریکی کمانڈر جنرل سٹیفن ٹانسینڈ نے کہا ہے کہ دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی اس کے جنگجو ابھی تک عراق میں موجود ہیں،دولت اسلامیہ کو دوبارہ ابھرنے سے روکنے کیلئے عراقی حکومت کو کچھ مختلف ہی کرنا ہوگا۔ عراق میں دولت اسلامیہ کے خلاف آپریشن میں امریکی قیادت والی کمانڈ کے سربراہ سٹیفن ٹانسینڈ نے ایک انٹرویو میں متنبہ کیا ہے کہ موصل میں تاریخی کامیابی کے باوجود شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ کا ابھی خاتمہ نہیں ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دولت اسلامیہ کے جنگجو ابھی تک عراق میں موجود ہیں ان کو دوبارہ ابھرنے سے روکنے کیلئے عراقی حکومت کو کچھ مختلف ہی کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا عراق میں حکومت کو سنی برادری تک پہنچنا ہوگا اور ان سے مصالحت کرنی ہوگی اور انھیں یہ باور کرانا ہوگا کہ بغداد میں حکومت ان کی نمائندگی کرتی ہے تاکہ اس دہشت گرد تنظیم کو تجدید نو سے روکا جائے۔خیال رہے کہ تقریبا نو مہینوں تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد گذشتہ روز وزیراعظم حیدر العبادی نے موصل میں دولت اسلامیہ کے خلاف باضابطہ طور پر فتح کا اعلان کیا ہے۔

اس جنگ کی وجہ سے موصل کے علاقے میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، ہزاروں شہری مارے گئے ہیں اور تقریبا سوا نو لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔حیدر العبادی نے قومی پرچم لہراتے ہوئے اعلان کیا کہ باطل دہشت گرد حکومت کا خاتمہ ہو گیا ہے۔