بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بہتر نتائج کیلئے ملک میں سیاسی استحکام ناگزیرہے ٗ احسن اقبال

بہتر نتائج کیلئے ملک میں سیاسی استحکام ناگزیرہے ٗ احسن اقبال

اسلام آباد۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کسی کو بھی پاکستان کے سیاسی استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، سول حکمرانوں کو 5سال مکمل کیوں نہیں کرنے دیئے جاتے، پہلے 58ٹو بی تھی،آج عدالتی 58ٹو بی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، سازشوں کے ذریعے ملکی ترقی روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پائیدار ملکی ترقی کے لئے پاکستان کو دائروں کے سفر سے نکالنا پڑے گا۔

اقتصادی اصلاحات کے بہتر نتائج کیلئے ملک میں سیاسی استحکام ناگزیر ہوتا ہے، مارچ 2018تک ملکی نظام میں 10ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہو گی۔ منگل کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 1998میں نیویارک میں وژن 2010پیش کیا تھا، صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، کسی بھی کامیابی کے پیچھے ایک جذبہ کارفرما ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1960میں پاکستان جاپان کے مقابلے میں ترقی کرتا ہوا ملک تھا، ملکی تاریخ میں پہلی بار 1998میں اقتصادی اصلاحات پیش کی گئیں،90کی دہائی میں ہماری پیش کی گئی اصلاحات بھارت نے نافذ کیں اور ہم سے آگے نکل گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ 21ویں صدی مقابلے اور اقتصادی ترقی کی صدی ہے، ملک جب بھی ترقی کرنے لگتا ہے سیاسی عدم استحکام پیدا کر دیا جاتا ہے، اقتصادی اصلاحات کے بہتر نتائج کیلئے ملک میں سیاسی استحکام ناگزیر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ سٹاک ایکسچینج کو ایک دن میں اربوں کا نقصان ہوا،2013 میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی عروج پر تھی۔

2017کا پاکستان 2013کے مقابلے میں بہت بہتر ہے، پورے بلوچستان میں سڑکوں کے جال بچھائے جا رہے ہیں،موثر حکومتی اقدامات سے ملکی زر مبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر ہیں، مارچ 2018تک ملکی نظام میں 10ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہو گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے سیاحت کے شعبے کو فروغ ملا، سازشوں کے ذریعے ملکی ترقی کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، نوجوانوں نے ترقی کے عمل کو مستقل مزاجی میں جاری رکھنا ہے۔

سول حکمرانوں کو 5سال مکمل کیوں نہیں کرنے دیئے جاتے، پہلے 58ٹو بی تھی،آج عدالتی 58ٹوبی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کے سیاسی استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، پائیدار ملکی ترقی کیلئے پاکستان کو دائروں کے سفر سے نکالنا پڑے گا۔