بریکنگ نیوز
Home / کھیل / یونس خان نے تاریخی بلا عطیہ کردیا

یونس خان نے تاریخی بلا عطیہ کردیا

سابق کپتان اور عظیم بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں جس بلے سے 10ہزار رنز مکمل کیے تھے اسے تعلیم کے فروغ کیلئے این جی او کو عطیہ کردیا۔

کراچی میں منعقدہ تقریب میں لیجنڈ بلے باز نے دی سٹیزن فانڈیشن کو اپنا تاریخی بلا عطیہ کرنے کا اعلان کیا جس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔

تقریب کے دوران یونس نے جہاں دلچسپ باتوں سے شائقین کو خوب لطف اندوز کیا تو وہیں بورڈ سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ٹیم کی پذیرائی نہیں ہوئی اورنہ کھلاڑیوں کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں دی سیٹزیشن فاؤنڈیشن سے منسلک ہوں اور اس بات پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں بھی ان لوگوں میں سے ہوں جو معاشرے میں کچھ تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز بنانے والے واحد پاکستانی بلے باز نے کہا کہ قوموں کی ترقی صرف تعلیم سے ممکن ہے اور میں ہمیشہ ایک بات کرتا ہوں کہ اگر ایک فرد بھی تبدیلی کیلئے کھڑا ہو گیا تو ساری قوم، ساری خلقت کھڑی ہو جاتی ہے۔

مایہ ناز بلے باز نے کہا کہ اگر مجھے وزیر اعظم سے ایک کروڑ روپے ملتے ہیں تو میں اسے بھی عطیہ کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

سابق کپتان نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرے اور سیاست میں آنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں کو اپنا سمجھتا ہوں اور پورا پاکستان میرا ہے۔