بریکنگ نیوز
Home / کھیل / مرے، جوکووچ ومبلڈن اوپن سے باہر، فیڈرر سیمی فائنل میں

مرے، جوکووچ ومبلڈن اوپن سے باہر، فیڈرر سیمی فائنل میں

سال کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن میں اپ سیٹ کا سلسلہ جاری ہے جہاں عالمی نمبر ایک اور دو اینڈی مرے اور نوواک جوکووچ ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ راجر فیڈرر فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

لندن میں جاری سال کے سب سے بڑے ٹینس مقابلے میں اپ سیٹ کا سلسلہ جاری کوارٹر فائنل مقابلوں میں بھی جاری رہا اور اسٹان واورنکا اور رافیل نڈال کے بعد دفاع چیمپیئن اینڈی مرے اور نوواک جوکووچ بھی ایونٹ سے باہر ہو گئے۔

ومبلڈن اوپن کے کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد اینڈی مرے مایوس کورٹ سے باہر جا رہے ہیں— فوٹو: اے پی

24ویں سیڈ امریکا کے سیم کیوری نے عالمی نمبر ایک مرے کو پانچ سیٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

اینڈی مرے نے پہلے سیٹ میں 6-3 سے کامیابی حاصل کی لیکن اگلے سیٹ میں امریکی حریف نے عمدگی سے واپسی کرتے ہوئے 6-4 سے فتح سمیٹی۔

تیسرے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلے دیکھنے کو ملا جہاں سخت مقابلے کے بعد مرے نے 7-6 سے سیٹ جیت کر برتری حاصل کی۔

اس کے بعد کیوری نے شاندار کھیل پیش کیا اور اگلے دونوں سیٹ میں برطانوی ٹاپ سیڈ کو صرف دو گیم جیتنے کا موقع فراہم کیا اور 6-1 اور 6-1 سے کامیابی سمیٹ کر فتح اپنے نام کر لی، ان کی کامیابی کا اسکور 3-6، 6-4، 6-7، 6-1 اور 6-1 رہا۔

ادھر سیکنڈ سیڈ اور دفاعی چیمپیئن نوواک جوکووچ کندھے میں انجری کے سبب کوارٹر فائنل میچ سے دستبردار ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

سربین کھلاڑی کو پری کوارٹر راؤنڈ میں بھی انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن کوارٹر فائنل میں پہلا سیٹ ہارنے کے بعد وہ دوسرے سیٹ میں مقابلے سے دستبردار ہو گئے اور یوں ٹامس برڈک سیمی فائنل میں پہنچ گئے جہاں ان کا مقابلہ ایونٹ کے سب سے بڑے فیورٹ راجر فیڈرر سے ہو گا۔

18 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن فیڈرر نے شاندار کھیل کا سلسلہ کوارٹر مقابلے میں بھی جاری رکھا اور میلاس واؤنک کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4، 6-2 اور 7-6 سے زیر کر کے 12ویں مرتبہ ومبڈلن اوپن ٹینس چیمپیئن شپ کا سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔