بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / اسلام آباد:پولیس اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن میں تصادم

اسلام آباد:پولیس اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن میں تصادم


اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں ہونے والے تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن میں اچانک صورتحال کشیدہ ہوگئی، پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے نوجوان آمنے سامنے آگئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ صورت حال کے پیش نظر ایف سی کی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔

دوسری جانب پولیس کی یوتھ کنونشن میں پکڑ دھکڑ جاری تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی وہاں پہنچ گئے،اس موقع پر ان کا کہنا ہے کہ آج مسلم لیگ ن کا اصلی چہرہ سامنے آگیا ، تحریک انصاف کی نہتی خواتین لاٹھیاں برسائی جارہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے ہاتھ میں ڈنڈا نہیں ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گیا،حکومت اپنا اصل چہرہ دکھا رہی ہے، انہوں نے خواتین پر تشدد کیا،جج صاحب دیکھیں اسلام آباد انتظامیہ کیا کررہی ہے،آئی جی اسلام آباد فوری طور پر یہاں آکر ہم سے بات کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم کھڑے ہیں، ہمیں گرفتار کرو، بچوں کو ہاتھ مت لگاؤ، ہمیں پر امن یوتھ کنونشن سے کیوں روکا جارہا ہے؟

وہاں موجود پی ٹی آئی رہنما اسدعمر کا کہنا تھا کہ حکومت گھبرائی ہوئی ہے، یہ جتنا تشدد کریں گے اتنی ہی بڑی تعداد میں عوام پہنچیں گے، تشدد کے بعد صرف وزیراعظم نہیں پوری حکومت خطرے میں آگئی ہے۔

دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں پولیس نے پی ٹی آئی کےایم پی اے اعجاز خان جازی کے گھر پر چھاپا مار کر ان کے بھائی اقبال خان کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اعجاز خان جازی کےبڑے بھائی امتیازخان پہلےہی پولیس حراست میں ہیں۔