بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وفاقی وزراء چوہدری نثار کو منانے پنجاب ہاؤس پہنچ گئے

وفاقی وزراء چوہدری نثار کو منانے پنجاب ہاؤس پہنچ گئے

اسلام آباد۔وزیرا عظم کی ہدایت پر وفاقی وزراء وزیر داخلہ چوہدری نثار کو منانے کے لئے پنجاب ہاؤس پہنچ گئے ،تینوں رہنماؤں کے درمیان 3 گھنٹے سے زائد ملاقات جاری رہی،وفاقی وزراء نے چوہدری نثار کو اختلاف دور کرنے پارٹی اجلاسوں میں شمولیت کیلئے درخواست کی جس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ میری کسی سے ناراضگی نہیں میرا موقف اصولی ہے جس پر قائم رہوں گا ۔باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں پاناما کیس کے فیصلہ محفوظ کے بعد وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اور رانا تنویر حسین وزیر اعظم ہاؤس سے پنجاب ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے طویل ملاقات کی ۔

تینوں رہنماؤں کے درمیان پاناما کیس سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ کیا گیا ،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس وقت پارٹی پر مشکل وقت گزر رہا ہے آپ اپنے اختلافات بھلا کر اپنا کردار ادا کریں ، اس وقت ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے ،انہوں نے چوہدری نثار سے درخواست کی کہ وہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کریں آپ کے تحفظات ضرور دور کئے جائیں گے۔

اس پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ میرے کسی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں میں کسی سے ناراض نہیں ہوں ،پارٹی میرا اثاثہ ہے،میری تمام تر خدمات بھی پارٹی ہی کے لئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کچھ ایشوز پر میرا موقف اصولی ہے جس پر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا ۔