بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سندھ رینجرز کا ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کا دعویٰ

سندھ رینجرز کا ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کا دعویٰ


کراچی ۔ سندھ رینجرز نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن سے تعلق رکھنے والے 2 ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وقت گزر گیا جب ایک کال پر کراچی شہر بند کر دیا جاتا تھا، اورنگی ٹاؤن میں 2افراد کے قتل میں ایم کیو ایم لندن ملوث ہے، بانی ایم کیو ایم نے ملزمان کو کارروائی مکمل کرنے پر شاباش دی، کراچی میں اس وقت کوئی ہنگامی صورتحال نہیں، کالعدم تنظیمیں افغانستان سے کارروائیاں کر رہی ہیں۔

بدھ کو رینجرز ہیڈکوارٹرز میں ترجمان سندھ رینجرز کرنل قیصر خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 17جولائی کو 2افرادکو اورنگی ٹاؤن میں قتل کیا گیا، قتل میں ملوث ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے ساؤتھ افریقہ کے سیٹ اپ سے رابطے میں تھے، گرفتار ملزمان کو ساؤتھ افریقہ سے واٹس ایپ کے ذریعے پیغام دیا گیا، بانی ایم کیو ایم نے ملزمان کو کارروائی مکمل کرنے پر شاباش دی۔اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی ٹیلیفونک گفتگو کی ریکارڈنگ بھی سنائی گئی۔

کرنل قیصر خٹک نے کہا کہ وہ وقت گزر گیا جب ایک کال پر کراچی شہر بند کر دیا جاتا تھا، گرفتار ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے نام دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ رینجرز ایسی سازشوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، دونوں گرفتار ملزمان نے قتل کا اعتراف کیا ہے، کراچی میں اس وقت کوئی ہنگامی صورتحال نہیں ہے، کافی حد تک ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں، کچھ بھاگ گئے، رینجرز کی ہر کالعدم جماعت اور صورتحال پر پوری نظر ہے، کچھ کالعدم تنظیمیں افغانستان سے کارروائیاں کر رہی ہیں۔