بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا میں این فائیو کی مرمت کیلئے گرانٹ منظور

خیبر پختونخوا میں این فائیو کی مرمت کیلئے گرانٹ منظور

اسلام آباد۔قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحا ق ڈار کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں چاروں صوبوں کیلئے ایک سو چونتیس ارب روپے سے زائد کے سات منصوبوں کی منظور ی دی گئی۔ایکنک نے 61 ارب روپے کی خطیر رقم سے سندھ میں جامشورو اور ٹھٹھہ کے اضلاع کیلئے سیہون شریف سے آگے سمندر تک رائٹ بینک آؤٹ فال ڈرین کی توسیع کی منظوری دی جبکہ بلوچستان کے اضلاع نصیر آباد اور جعفرآباداور سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں آلودگی سے بچاؤ کیلئے دس ارب 80 کروڑ روپے کے منصوبوں کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں نو ارب تیس کروڑ روپے سے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان اورراجن پور کے درمیان شہید بے نظیر بھٹو پل اور این فائیو اور این پچپن سڑکوں کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے پنجاب میں سیاحت کے فروغ اورشاہراہوں کی تعمیر کیلئے پانچ ارب 77 کروڑروپے،خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دو سو آٹھ کلومیٹر این فائیو کی مرمت اور بہتری کیلئے اکیس ارب ر وپے کی منظوری دی۔

اجلاس میں سوہاوہ سے چکوال کے درمیان روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے سات ارب اٹھانوے کروڑ روپے جبکہ لوئر انڈس رائٹ بینک آبپاشی اور نکاسی آب کے منصوبے کیلئے سترہ ارب پچاس کروڑروپے کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔