بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / مقبوضہ وادی میں عوام کے رد عمل نے بھارتی موقف کو مسترد کر دیا،نفیس زکریا

مقبوضہ وادی میں عوام کے رد عمل نے بھارتی موقف کو مسترد کر دیا،نفیس زکریا


اسلام آباد۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے بے جا استعمال سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کچلا نہیں جاسکتا اور عوام کا رد عمل بھارتی موقف کو مسترد کرتا ہے۔جمعہ کے روز ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کی آواز بھرپور انداز سے بلند کی جو کشمیریوں کے جذبات کا عکاس ہے جس کے جواب میں بھارت نے وزیراعظم کے بیان پرتنقید کرنے کا انتخاب کیا تاہم کسی قسم کی تنقید تاریخی حقائق کو تبدیل نہیں کرسکتی۔

بھارت کی تنقید کا پاکستان جواب دینے کا حق رکھتا ہے اور پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ7 دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ حریت کم نہیں ہوا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کا رد عمل بھارتی موقف کو مسترد کرتا ہے جبکہ عالمی برادری نے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا لیکن اسے پورا نہیں کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ برہان وانی کے قتل کیخلاف مقبوضہ کشمیرمیں احتجاج شروع ہوا اور پرامن احتجاج کوطاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی گئی، سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کو نابینا اور ہزاروں کوشدید زخمی کیا گیا، طاقت کیاستعمال کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہ ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے تنازع پر چشم پوشی نہیں کی جا سکتی۔