بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / پاکستان اور امریکہ طالبان سے مذاکرات کے خواہشمند

پاکستان اور امریکہ طالبان سے مذاکرات کے خواہشمند


واشنگٹن ۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہاہے کہ پاکستان اور امریکہ نے غیرمعمولی طور پر مسئلہ افغانستان کے سلسلے میں کسی بات پر اتفاق ظاہر کرتے ہوئے افغان امن عمل میں طالبان کی شمولیت کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ طالبان کی امن عمل میں شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں ہیتھر نوریٹ نے کہاکہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا، لہذا اگر امریکا اس نقطے پر پہنچتا ہے جہاں طالبان کی شمولیت کی ضرورت محسوس ہوگی تو ایسے میں درست سمت میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے اپنی معمول کی پریس بریفنگ میں کہاکہ وزیر خا رجہ ریکس ٹیلرسن کے نظریات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی بات جو وزیر خارجہ بہت زیادہ محسوس کرتے ہیں، وہ یہ ہے کہ ہمیں ایک واضح نقطہ تک پہنچنا چاہیے، جس کے لیے طالبان کے کچھ اراکین کو ساتھ بٹھا کر بات چیت کرنی ہوگی۔اس حوالے سے امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے واشنگٹن کے انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں خطاب کرتے ہوئے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں باہمی سیاسی مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا اور یہی خطے میں پائیدار امن حاصل کرنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ جنگ سے متاثرہ افغانستان کا امن فوجی حل سے ممکن نہیں ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ فوجی آپشن افغانستان کے لیے مجموعی حکمت عملی کا حصہ ہے جس میں دونوں فریقین کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے مذاکرات کی میز پر لانا ہے۔وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی کہ افغان جنگ کے اختتام کے لیے سیکیورٹی اور خارجہ پالیسی کے ماہرین نئی حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے کام کررہے ہیں۔نئی حکمت عملی کے مطابق مزید 5 ہزار امریکی فوجی افغانستان میں تعینات کیے جائیں گے جبکہ وائٹ ہاس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سفارتکاری اس سلسلے میں ایک اہم جز ہوگا۔وائٹ ہاس نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ امریکا کی نئی حکمت عملی افغانستان کی سرحدوں سے نکل کر پورے جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا تک کو کور کرے گی۔امریکی ریاست کولاراڈو میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امریکی جوائنٹ چیف اسٹاف چیئرمین جنرل جوزف ڈنفرڈ نے کہا تھا کہ ہماری حکمت عملی کا سب سے اہم عنصر پاکستان ہے۔جنرل ڈنفرڈ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے اعلیٰ سطح کے تعاون کے بغیر امریکا افغانستان میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

محکمہ خارجہ کی بریفنگ کے دوران افغان صحافی نے اپنے سوالات میں کابل میں ہونے والے بم دھماکے کا الزام پاکستان پر لگانے کی کوشش کی جسے ہیتھر نوریٹ نے نظر انداز کر دیا۔طالبان کی امن عمل میں شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں ہیتھر نوریٹ نے کہاکہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا، لہذا اگر امریکا اس نقطے پر پہنچتا ہے جہاں طالبان کی شمولیت کی ضرورت محسوس ہوگی تو ایسے میں درست سمت میں فیصلہ کیا جائے گا اور تب تک افغان شراکت داروں کی مدد جاری رہے گی۔واشنگٹن تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے افغانستان میں امن اور استحکام بحال کرنے کے اقدامات کی نشاندہی کی جن میں افغانستان کا اندرونی مفاہمتی عمل، بہتر بارڈر مینجمینٹ، افغان پناہ گزین کی اپنے وطن واپسی اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون شامل ہیں۔