بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / سیاسی کشمکش سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ متاثر

سیاسی کشمکش سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ متاثر

نیویارک ۔معروف بین الاقومی جریدے بلومبرگ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف کی معزولی کے باعث ملکی معیشت میں ڈرامائی طور پرغیر ملکی سرمایہ کاروں کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے ، سیاسی کشمکش نے پاکستان کی ساکھ کومتاثر کیا ہے،شریف خاندان سے لیا جانے والااگلا وزیراعظم سیاسی لحاظ سے کمزور ہوسکتا ہے۔موڈیز کی سرمایہ کارسروس نے امریکی جریدے بلومبرگ کو ایک ای میل میں کہاکہ ملک کی اعلی ترین عدالت کی طرف سے پاکستانی وزیراعظم کی معزولی کے باعث افراتفری کی شکار لیکن جنوبی ایشیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت میں ڈرامائی طور پرغیر ملکی سرمایہ کاروں کے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

سپریم کورٹ کی جانب سے نوازشریف کی نااہلی کے بعد انکے استعفیٰ سے ملک کی ساکھ کیلئے بڑے چیلنجز پیدا ہوگئے ہیں جیسا کہ جمعہ کو ملکی اسٹاک مارکیٹ میں کمی واقع ہوئی ۔عدالت کے ڈرامائی اقدام نے حکمران جماعت کی توجہ ملک کی معیشت کی بجائے اپنی بقاء کی طرف موڑدی ہے ۔موڈیز کی سرمایہ کارسروس نے کہاکہ سیاسی کشمکش نے پاکستان کی ساکھ کومتاثر کیا ہے ۔نواشریف کو ہٹانااقتصادی اور مالی معاملات میں پالیسی سازی میں کمی کا باعث بنے گا اور عام طور پر حکومتی پالیسی کی تاثیر میں کمی ہوگی ۔

سیاسی افراتفری کے باوجود نوازشریف کی حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اگلے سال عام انتخابات تک اقتدار میں رہنے کی توقع رکھتی ہے کیونکہ پارلیمنٹ میں اسے اکثریت حاصل ہے ۔تاہم غیر یقینی صورتحال کے باعث عدالت کی جانب سے شریف خاندان کے مال اور آمدنی کے درمیان فرق پائے جانے کے بعد خاندان سے لیا جانے والااگلا وزیراعظم سیاسی لحاظ سے کمزور ہوسکتا ہے ۔