بریکنگ نیوز
Home / کھیل / ایشین ہاکی چیمپئنز، پرعزم پاکستان ملائیشین دیوار گرانے کے لیے تیار

ایشین ہاکی چیمپئنز، پرعزم پاکستان ملائیشین دیوار گرانے کے لیے تیار


لاہور۔ چوتھی ایشین مینز ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پُرعزم پاکستانی ٹیم ملائیشین دیوار گرانے کیلیے تیار ہے، دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہفتے کو ہوگا، کھلاڑیوں نے گذشتہ روز بھرپور مشقیں کیں، پنالٹی کارنر لگانے اور گیند پر زیادہ سے زیادہ کنٹرول رکھنے کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئیں، ہیڈ کوچ خواجہ محمد جنید فتح سمیٹ کرمسلسل تیسری بار فیصلہ کن معرکے میں رسائی کیلیے بے چین ہیں، ان کے مطابق غلطیوں پر قابو پا کر میدان میں اترتے ہوئے میزبان سائیڈ کو زیر کرینگے۔ ہفتے کو ہی دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور کوریا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق چوتھی ایشین مینز ہاکی چیمپئنز ٹرافی اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان، ملائیشیا، بھارت اور کوریا نے اچھے کھیل کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہفتے کو ہوگا،گرین شرٹس ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے سے 2 فتوحات کی دوری پر ہیں، اب انھیں سخت حریف ملائیشیا کا چیلنج درپیش ہے، میزبان نے اس سے قبل پول میچز میں پاکستان کو2 کے مقابلے میں4گول سے شکست دی تھی، یاد رہے کہ پاکستان کو2012 اور2013  میں ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، اگر گرین شرٹس نے یہ ایونٹ بھی جیت لیا تو ٹیم فتوحات کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کرلے گی۔