بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ کے شیڈول کا اعلان

پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ کے شیڈول کا اعلان

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس اپنی ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق پاکستان ٹیم 5 ایک روزہ میچوں اور 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے جنوری 2018 میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے امور چلانے والے بورڈ ’نیوزی لینڈ کرکٹ (این زی سی)‘ کیویب سائٹ پر جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ کا آغاز 6 جنوری 2018 سے ہوگا۔

شاہینوں اور کیویز کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا معرکہ ویلنگٹن میں 6 جنوری کو ہوگا، دوسرا میچ 9 جنوری کو نیلسن، تیسرا ایک روزہ میچ 13 جنوری کو ڈونیڈن، چوتھا ایک روزہ میچ 16 جنوری کو ہملٹن جبکہ پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 19 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلے گی جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 25 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا، سیریز اور دورے کا آخری میچ 28 جنوری کو تورانگا میں کھیلا جائے گا۔

اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ہوم سیزن کے دوران سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں میزبان نیوزی لینڈ کے علاوہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

خیال رہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں پر مشتمل یہ پہلی تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔