بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / امیر مقام کا تحریک انصاف کوہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان

امیر مقام کا تحریک انصاف کوہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان

اسلام آباد ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے عائشہ گلالئی کے معاملے پر بے بنیاد الزامات پر تحریک انصاف کو50کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہعائشہ گلالئی کی پریس کانفرنس کے بعد اس سے ایک منٹ کی بات ہوئی اس سے پہلے یا بعد میں کبھی عائشہ گلالئی سے نہ ملا ہوں نہ کبھی بات ہوئی، سازشوں پر یقین نہیں رکھتا ،پیچھے سے وار اور سازش کرنا میری فطرت نہیں،قائد کا حکم ہو تو میں ایک ہفتے کے اندر خیبرپختونخوا حکومت کو ختم کرسکتا ہوں۔ عمران خان پاکستانی سیاست کا گندا انڈا ہے،خیبرپختونخوا میں کرپشن کے خلاف ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں صوبائی وزراء کرپشن کے خلاف واویلا کررہے ہیں۔

عمران خان نے پتہ نہیں کون سا چشمہ پہن رکھا ہے کہ انہیں کے پی کے میں کرپشن نظر نہیں آتی،آدھی تحریک انصاف عمران خان کیخلاف ہو چکی ہے۔وہ جمعرات کو یہاں نیشنل پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جس روز عائشہ گلالئی نے عمران خان کے خلاف پریس کانفرنس کی اس سے اگلے دن عائشہ گلالئی سے ایک منٹ کی بات ہوئی اس سے پہلے یا بعد میں کبھی عائشہ گلالئی سے نہ ملا ہوں نہ کبھی بات ہوئی ہے۔

عائشہ گلالئی کی جانب سے عمران خان پر لگائے جانے والے الزامات انتہائی سنجیدہ ہیں جن کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ میں سازشوں پر یقین نہیں رکھتا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا پیچھے سے وار اور سازش کرنا میری فطرت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں سیاست کو کس طرف لے جارہے ہیں سیاسی پارٹیاں اس کا نوٹس لیں۔ عمران خان ہمیں اخلاقیات کا درس دیتے ہیں مگر نتھیا گلی میں دن کی روشنی میں افطاریاں ہوتی ہیں۔ عمران خان کی داستانیں مجھے بتانے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی ان کے خلاف عائشہ گلالئی یا ان جیسے کسی اور کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کے خلاف ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں تحریک انصاف کے اپنے ہی وزراء کرپشن کے خلاف واویلا کررہے ہیں۔ کے پی کے میں جو کچھ ہورہا ہے دنیا خود دیکھ رہی ہے۔ عمران خان نے ایسا کون سا چشمہ پہن رکھا ہے کہ انہیں کے پی کے میں کرپشن نظر نہیں آتی۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوئی مسلم لیگ (ن) ایک مضبوط قلعے کا نام ہے حقیقت میں تحریک انصاف ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہے۔

پی ٹی آئی کے پچاس فیصد لوگ عمران خان سے تنگ آچکے ہیں عمران خان کے خلاف جو بھی بات کرتا ہے اس کو ڈی سیٹ کردیا جاتا ہے۔ کے پی کے احتساب کمیشن کے ڈی جی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف کرپشن کی بات کی تو صوبائی حکومت نے احتساب قانون ہی تبدیل کردیا۔ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر نے کہا کہ عائشہ گلالئی کے معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے مجھ پر غلط الزامات لگائے گئے جس پر میں تحریک انصاف کو 50کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج رہا ہوں میں بھاگوں کا نہیں ان الزامات کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا اور ان سب کو عدالت میں لے کر جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے زرداری ‘ فضل الرحمن اور دیگر سینئر سیاستدانوں کو کہا کہ تیار ہوجاؤ میں آرہا ہوں میں پوچھ رہا ہوں کہ عمران خان تم کونسے عزرائیل ہو جو جان نکالنے آرہے ہو عمران خان نے پاکستانی سیاست میں گندی زبان کو پروان چڑھایا ہے اگر میرے قائد کا حکم ہو تو میں ایک ہفتے کے اندر خیبرپختونخوا حکومت کو ختم کرسکتا ہوں۔ عمران خان پاکستانی سیاست کا گندا انڈا ہے اور ہمیں اخلاقیات کا درس دیتا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے میرے اوپر الزامات لگانے پر میں نے اپنے وکیل کو ہدایت کردی ہے کہ مجھے بدنام کرنے پر ان کو ہرجانے کا نوٹس بھیجا جائے۔ امیر مقام نے کہا کہ عمران خان جس کو چپڑاسی بھرتی نہ کرنے کی بات کرتے تھے اس شخص کو وزیراعظم کے لئے نامزد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے باہر تمام سیاستدان کرپٹ ہیں اور جب وہ پی ٹی آئی میں جاتے ہیں تو سب پاک صاف ہوجاتے ہیں عمران خان کے پاس پتہ نہیں کونسا شیمپو ہے جس سے وہ ہر کرپٹ سیاستدان کو پاک صاف کردیتے ہیں۔