بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وفاقی کابینہ کی تشکیل معمہ بن گئی

وفاقی کابینہ کی تشکیل معمہ بن گئی

اسلام آباد ۔ چوہدری نثار علی خان نہیں مانے، وفاقی کابینہ کی تشکیل جمعرات کو بھی نہ ہو سکی۔ آج جمعہ کو پھر مشاورت ہو گی۔ شہباز شریف بھی پنجاب چھوڑنے کے لئے تیار نہیں کلثوم نواز کو انتخاب لڑائے جانے کا بھی امکان ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا اجلاس جمعرات کے روز شہباز شریف کی رہائش گاہ ڈونگا گلی میں ہوا جس میں سابق وزراء کی کارکردگی اور نئی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان نے کوئی بھی وزارت اور عہدہ لینے سے صاف انکار کر دیا ہے اور لیگی قیادت انہیں منانے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے ۔ لیگی قیادت دیگر وزراء کے قلمدانوں کا فیصلہ بھی نہ کر سکی۔ اب اجلاس آج جمعہ کو پھر ہو گا۔ جس میں نئی کابینہ کے وزراء کے ناموں کا فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب لیگی قیادت کے شہباز شریف کے پنجاب چھوڑنے پر خدشات ہیں اور شہباز شریف خود بھی پنجاب کی وزارت اعلیٰ نہیں چھوڑنا چاہتے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاہد خاقان بھی ہی مستقل وزیراعظم ہوں گے جبکہ نواز شریف کی خالی نشست پر کلثوم نواز کو میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی کابینہ کے ارکان ہی شاہد خاقان کی کابینہ میں شامل ہوں گے۔ اور وزیراعظم کے پاس وفاقی وزیر پٹرولیم کا چارج بھی ہو گا۔ تاہم نئے وزیر داخلہا ور وزیر خارجہ کے لئے فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔