بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا حکومت کو یو این ایچ سی آر کی اہم پیشکش

خیبر پختونخوا حکومت کو یو این ایچ سی آر کی اہم پیشکش

پشاور ۔ خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت افغان مہاجرین سمیت سب کومعیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے علاوہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے لئے اعلان کردہ مراعات بھی سب کوبلاتفریق دے رہی ہے اور یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاورمیں UNHCRکے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش اور دوسرے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

وفد کے ارکان نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ان کا ادارہ خیبر پختونخوا کے ان اضلاع جہاں افغان مہاجرین کی زیادہ تعداد آباد ہے وہاں تعلیم کے شعبے میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہتا ہے تاکہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت پر بوجھ کم کیا جاسکے ۔وزیر تعلیم نے بھی انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کردہ تعلیمی اصلاحات اور کامیابیوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔عاطف خان نے UNHCRکی جانب سے شعبہ تعلیم میں تعاون کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم صوبائی حکومت کامیگا پراجیکٹ ہے اوریہی وجہ ہے کہ تعلیم عام کرنے اورسرکاری سکولوں کو ہر لحاظ سے ماڈل بنانے کے لئے بجٹ کاریکارڈ 28فیصد حصہ تعلیم کے لئے مختص کیاگیاہے اور سکولوں میں صرف ناپیدسہولیات کی فراہمی پر اب تک 21ارب سے زیادہ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ7ارب روپے کی لاگت سے21لاکھ بچوں کو فرنیچر فراہم کیا جارہاہے۔

اسی طرح آئی ٹی لیب کی تعداد179سے بڑھاکر1340کردیاہے جبکہ 11سو سکولوں میں ڈیجیٹل انٹرایکٹیو بورڈزلگائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی کمی ہمیشہ سرکاری سکولوں کا سب سے بڑا مسئلہ رہاہے جسے مستقل طور پر حل کرنے کے لئے گزشتہ4سالوں کے دوران 40ہزار اساتذہ خالصتاً میرٹ پربھرتی کئے ہیں جبکہ آئندہ سال مزید 15ہزار اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔