بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / آصفہ اور اور بختاورکا مشرف کی گرفتاری کا مطالبہ

آصفہ اور اور بختاورکا مشرف کی گرفتاری کا مطالبہ

اسلام آباد۔سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادیوں آصفہ بھٹو زر داری اور بختاور بھٹو زر داری نے اپنی والدہ کے قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 10 سال بعد بے نظیر قتل کیس کا فیصلہ سنادیا جس میں 5 ملزمان کو بری اور پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ سابق پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد کو 17، 17 سال کی سزا کا حکم دیا گیا۔

عدالتی فیصلے پر آصفہ اور بختاور بھٹو زرداری نے اپنے رد عمل کا اظہار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔آصفہ بھٹو نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا سہولت کاروں کو سزا دی گئی مگر جو اصل مجرم پایا گیا وہ آزاد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک مشرف اپنے جرم کا حساب نہیں دیتے انصاف نہیں ہوگا، ہم 10 سال بعد بھی انصاف کا انتظار کریں گے۔جبکہ بختاور بھٹو زرداری کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ مشرف نے جائے وقوعہ کو دھونے کا حکم دیا۔

بختاور نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ ہیش ٹیگ میں پرویز مشرف کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری نے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ ملزمان کو کم سزا دی گئی ہے، فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں اور اس پر اپیل دائر کریں گے۔