بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / عیدالاضحی ٗ ڈبلیو ایس ایس پی کاجامع صفائی پلان

عیدالاضحی ٗ ڈبلیو ایس ایس پی کاجامع صفائی پلان

پشاور۔واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے عیدالاضحی پر صفائی یقینی بنانے کے لئے جامع پلان کا اعلان کر دیا جس پر عید کے پہلے روز سے تیسرے روز تک عملدرآمدکیا جائے گا خصوصی مہم کے علاوہ واٹر سپلائی عملہ بھی فرائض انجام دے گا، ڈینگی کے خاتمے کے لئے کی جانے والی حکومتی کوششوں میں ساتھ دینے کے لئے سپرے مہم بھی جاری رہے گی، عید کے لئے ڈبلیو ایس ایس پی کے موجودہ عملے اور گاڑیوں کے علاوہ کرایہ پر بھی گاڑیاں حاصل کی گئی ہیں۔

شکایات سیل بھی دن رات کھلا رہے گا۔چاروں زون میں جگہ جگہ آگاہی بینرز لگائے جائیں گے، نشاندہی کے لئے گاڑیوں پر بھی چھوٹے بینرز لگائے جائیں گے مساجد میں آگاہی پمفلٹس پہلے ہی تقسیم کئے گئے ہیں جن پر شکایات نمبرز درج ہیں۔، عید کے دنوں میں سپیشل گینگ ٹیمیں بھی متحرک رہیں گی جو نالیوں کی بندش، معمول کی صفائی اور پانی کی عدم فراہمی کی شکایات کا فوری ازالہ کریں گی۔

ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر خان زیب اور جنرل منیجر آپریشنز انجینئر علی خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید صفائی مہم میں ڈبلیو ایس ایس پی کا 2065 رکنی عملہ ، جس میں 1115 خاکروب، 828 کٹھہ قلی، 73 سپروائزرز، 49 میونسپل انسپکٹرز شامل ہیں، حصہ لے گاجو شہر بھر سے 287 اپنی اور 94 کرایہ کے گاڑیوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات اٹھائے گا۔

گاڑیوں میں 140سوزوکی، 13 چھوٹے ٹریکٹرز، 19 بڑے ٹریکٹرز، 43 کمپیکٹرز، دو شاؤل، چار ٹرک، 66 ملٹی لوڈرز (آرم رول) جبکہ کرایہ کی گاڑیوں میں 17 شاؤل،ایک سو کیوبک فیٹ چار ٹریکٹرز، تین سو کیوبک فیٹ 73 ٹریکٹرز شامل ہیں۔ فقیر آباد اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل زون میں اے میں 49 سوزوکیوں ،چار چھوٹے ٹریکٹرز ،سات بڑے ٹریکٹرز ، 10 کمپیکٹرز ، چھ ملٹی لوڈرز، 227 خاکروبوں ، 116 کٹھہ قلیوں، 23 سپروائزر، نو میونسپل انسپکٹرز (ایم آئیز)، گلبہار اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل زون بی میں 62 سوزوکیوں،تین چھوٹے ٹریکٹرز ، 41 بڑے ٹریکٹرز ، 23 کمپیکٹرز،نو شاؤلز،دو ٹرکوں، 42 ملٹی لوڈرز، 545 خاکروب، 343کٹھہ قلی ،27 سپروائزرز ، 22ایم آئیز ، دانش آباد، نوتھیہ وغیرہ پر مشتمل زون سی میں تین چھوٹے ٹریکٹر ، 21 بڑے ٹریکٹرز ، چھ کمپیکٹرز ،دو ٹرکوں،پانچ شاؤلوں ، 14 ملٹی لوڈرز، 271خاکروبوں، 239 کٹھہ قلیوں، 14 سپروائزرز، 10ایم آئیزجبکہ تہکال، راحت آباد وغیرہ پر مشتمل زون ڈی میں 12 سوزوکیوں،سات چھوٹے ٹریکٹر ز،21بڑے ٹریکٹرز،چار کمپیکٹرز ، چار شاؤل، چار ملٹی لوڈرز ، 72 خاکروبوں ، 130کٹھہ قلیوں، نو سپروائزر ، آٹھ ایم آئیز کے ذریعے مہم چلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی مانیٹرنگ ٹیم کے علاوہ ہر زون اور یونین کونسل سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں کام کریں گی۔