بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پہلا ٹی20: پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی

پہلا ٹی20: پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی


ورلڈ الیون کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی ہے اور فخر زمان آٹھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

فخر زمان نے دو چوکے لگا کر جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن اسی اوور میں مورنے مورکل کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

احمد شہزاد اور بابر اعظم وکٹ پر موجود ہیں اور پاکستان نے اب تک پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 40 رنز بنائے ہیں۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آزادی کپ کے پہلے ٹی20 میچ میں ٹاس جیت کر پہلے اپنے باؤلر آزمانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ورلڈ الیون کے کپتان فرینکوئس ڈیو پلیسی نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ ہماری بیٹنگ لائن مضبوط ہے اور ہدف کا تعاقب کرنےکی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے اور پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر خوشی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پہلے بیٹنگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کا فیصلہ کرتے۔

ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو خصوصی طور پر تیار رکشوں میں اسٹیڈیم کا چکر لگوایا جا رہا ہے— فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کیلئے پرجوش ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کے پاس ہوم گراؤنڈ پر کارکردگی دکھا کر داد سمیٹے کا سنہری موقع ہے۔

فاسٹ باؤلر محمد عامر کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی ہے جس کے سبب وہ پہلے ٹی20 میں شرکت نہیں کر سکیں گے جبکہ عامر یامین ،عثمان خان شنواری، عمر امین اور محمد نواز بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

اسٹیڈیم کے اطراف شدید سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور کھلاڑیوں کو انتہائی سخت سیکیورٹی حصار میں اسٹیڈیم لایا گیا۔

اسٹیڈیم آمد کے بعد کھلاڑیوں کو لاہور کی ثقافت کی علامت کے طور پر خصوصی طور پر تیار کردہ رکشوں میں بٹھا کر اسٹیڈیم کا چکر لگوایا گیا۔

رکشوں میں سوار ورلڈ الیون کے کھلاڑی پال کالنگ وڈ، تمیم اقبال، تھسارا پریرا اور ڈیوڈ ملر اسٹیڈیم کا شکر لگاتے ہوئے شائقین کی جانب دیکھ کر ہاتھ ہلا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: سرفراز احمد(کپتان)، احمد شہزاد، فخر زمان، بابراعظم، شعیب ملک، فہیم اشرف، شاداب خان، عماد وسیم، رومان رئیس، حسن علی اور سہیل خان۔

ورلڈ الیون: فرینکوئس ڈیوپلیسی(کپتان)، تمیم اقبال، ہاشم آملا، ڈیوڈ ملر، گرانٹ ایلیٹ، ٹم پین، تھسارا پریرا، ڈیرن سیمی، بین کٹنگ، مورنے مورکل اور عمران طاہر۔

خیال رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکا کی ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے تاہم زمبابوے کی ٹیم پاکستان کا دورہ ضرور کیا تھا جو بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے ناکافی ثابت ہوا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل حکام نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے رواں سال پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں منعقد کیا جس سے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔