بریکنگ نیوز
Home / شوبز / پاکستانی نژاد کامیڈین امریکی ٹی وی شو کی میزبانی کریں گے

پاکستانی نژاد کامیڈین امریکی ٹی وی شو کی میزبانی کریں گے

پاکستانی نژاد امریکی کامیڈین اداکار کمیل نانجیانی پہلی بارامریکا کے معروف ٹی وی چینل نیشنل براڈ کاسٹنگ کمپنی (این بی سی) کے شہرہ آفاق شو کی میزبانی کریں گے۔

کمیل نانجیانی پہلی بار گزشتہ تین دہائیوں سے چلنے والے این بی سی کے کامیڈی شو ’سیٹرڈے نائٹ لائیو‘ کی میزبانی کریں گے۔

کمیل نانجیانی صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئے، اور ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی، کراچی گرامر اسکول سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ 18 برس کی عمر میں امریکا منتقل ہوئے۔

انہوں نے کمپیوٹر سائنس اور فلاسافی کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے، جب کہ وہ امریکا کے معروف کامیڈین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

پہلی بار پاکستانی اداکار و اسرائیلی نژاد اداکارہ شو کی میزبانی کریں گی—فائل فوٹو

کمیل نانجیانی اب تک متعدد امریکی فلموں، ٹی وی سیریلز، ویڈیو گیمز اور ویب سائٹ سیریز میں کام کر چکے ہیں، انہیں سب سے زیادہ شہرت ایچ بی او ٹی وی کے کامیڈی سیریل ڈرامہ سے ملی۔کمیل نانجیانی نے رواں برس امریکا کا کامیڈی اسٹار آف دی ایئر ایوارڈ بھی جیتا تھا، انہیں یہ ایوارڈ ان کی رواں برس آنے والی اپنی بائیوگرافی فلم ’دی بگ سِک‘ پر دیا گیا۔ ’دی بگ سک‘ کی کہانی کمیل نانجیانی کی پاکستانی پس منظر کی زندگی اور امریکی اہلیہ کے ارد گرد گھومتی ہے۔

کمیل نانجیانی نے این بی سی کے شو کی میزبانی کی خبر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی۔ کمیل نانجیانی ’سیٹرڈے نائٹ لائیو‘ شو کی میزبانی آئندہ ماہ 14 اکتوبر کو کریں گے۔ خیال رہے کہ این بی سی کے اس شو کی میزبانی مختلف اداکار، ٹی وی سلیبرٹی، گلوکار اور شوبز سے وابستہ دیگر شخصیات کرتی رہتی ہیں۔ رواں ماہ 30 ستمبر کو اسی شو کی نشر ہونے والی قسط کی میزبانی ریان گوسلنگ کریں گے۔ کمیل نانجیانی کی قسط سے پہلے اسی شو کی میزبانی اسرائیلی اداکارہ گال گدوت کریں گی۔ گال گدوت کی میزبانی میں ’سیٹرڈے نائٹ لائیو‘ شو 7 اکتوبر کو نشر کیا جائے گا۔