بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خواندہ معاشرے کی تشکیل کیلئے ہمارے اقدامات مثالی ہیں ٗ اسد قیصر

خواندہ معاشرے کی تشکیل کیلئے ہمارے اقدامات مثالی ہیں ٗ اسد قیصر

پشاور۔سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ قوموں کی تعمیر وترقی اور خوشحالی میں تعلیم کا بنیادی کردار ہے ۔ترقی یافتہ ممالک نے تعلیم کی بدولت ہی اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے ۔گذشتہ ادوار میں کمزور تعلیمی نظام اور حکومتی عدم توجہی کے باعث ہم ترقی کی دوڑ میں دیگر ممالک سے پیچھے رہ گئے ۔موجودہ صوبائی حکومت نے روزاول سے تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی اور انقلابی اصلاحات کے ذریعے مضبوط تعلیمی نظام کے قیام اور خواندہ معاشرے کی تشکیل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ۔

مجموعی بجٹ کا 28فیصد تعلیم کیلئے مختص کرنا اور گذشتہ چارسالوں میں تعلیمی بجٹ میں 114فیصد اضافہ کرنا تعلیم کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت کی سنجیدگی کا واضح ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار سپیکر صوبائی اسمبلی نے سکولوں میں “دوستانہ تعلیمی ماحول کے فروغ” کے حوالے سے منگل کے روز پشاور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ کانفرنس کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کانفرنس کا انعقاد محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم سپارک نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن رفیق خٹک، ممتاز ماہر قانون انیس جیلانی ،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سپارک سعدیہ حسین اور ریجنل منیجر سپارک جہانزیب خان کے علاوہ اساتذہ اور طلباء بھی کانفرنس میں شریک تھے ۔ اپنے خطا ب میں سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے میں سرکاری سکولوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔

پرائمری سکولوں کی عمارتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی کو دور کرنے کیلئے حکومت خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے ۔ حکومت اساتذہ کی تربیت پر بھی بھر پور توجہ دے رہی ہے کیونکہ ایک بہتر استادہی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر سکتاہے ۔