بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پی ایس ایل: پاکستان آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فی میچ 10ہزار ڈالر ملیں گے

پی ایس ایل: پاکستان آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فی میچ 10ہزار ڈالر ملیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے میچز کیلئے پاکستان آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فی میچ 10ہزار ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے خطیر رقم دینے کا فیصلہ کرنے کا مقصد غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آ کر کھیلنے پر آمادہ کرنا ہے۔ یہ رقم دیگر رقوم کے علاوہ ادا کی جائے گی۔

اس سلسلے میں پی سی بی غیر ملکی کھلاڑیوں کے معاہدے میں ایک اضافی شق شامل کرے گا۔

بورڈ کے قیربی ذرائع نے نام ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کیلئے فی میچ دس لاکھ روپے اضافی حاصل کرنا برا انتخاب نہیں ہو گا کیونکہ پی سی بی لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل سمیت چھ سے آٹھ میچز پاکستان میں کرانے پر غور کر رہا ہے، لہٰذا اگر کوئی کھلاڑی صرف پاکستان میں تین میچز کھیلتا ہے تو وہ باآسانی 30ہزار ڈالر کما لے گا۔

مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد آئندہ آٹھ سالوں تک پاکستان عالمی کرکٹ کی میزبانی سے محروم رہا اور اس دوران زمبابوے کے علاوہ کسی بھی ٹیسٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

تاہم رواں سال پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان نے گزشتہ ماہ آزادی کپ کیلئے پاکستان آنے والی ورلڈ الیون کی میزبانی کی جسے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا نقطہ آغاز قرار دیا گیا۔

گزشتہ دو سال کے دوران سیکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری آنے کے بعد ملک میں عالمی کھیلوں کی بحالی کے روشن امکانات ہے اور سیکیورٹی کلیئرنس ملنے پر سری لنکن ٹیم بھی لاہور میں ایک ٹی20 میچ کھیلے گی جس کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کا دورہ پاکستان بھی متوقع ہے۔