بریکنگ نیوز
Home / کھیل / ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کو جیت کے لیے 136 کا ہدف

ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کو جیت کے لیے 136 کا ہدف

ابوظہبی: سری لنکا نے پاکستان کو پہلا ٹیسٹ جیتنے کے لیے 136 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

پاکستان کی شاندار بولنگ کی وجہ سے دوسری اننگز میں سری لنکن ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔ فوٹو : اے ایف پی

ابو ظہبی ٹیسٹ کے آخری دن سری لنکا کی پوری ٹیم 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ،پیر کی صبح مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 69 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی تو محمد عباس نے مینڈس کو 18 رنز پر ایل بی ڈبیو کیا جس کے نتیجے میں سری لنکا کی پانچویں وکٹ 73 رنز پر گر گئی ۔ 86 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد عباس ہی نے لکمل کو بھی میدان بدر کیا ، انہوں نے 13 رنز بنائے تھے۔ 101 رنز کے اسکور پر یاسر شاہ نے پریرا اور ہیراتھ کو چلتا کیا۔ 135 رنز پر سنداکان نے بھی ڈک ولا کا ساتھ چھوڑ دیا، وہ 8 ہی بناسکے، سری لنکا کا آخری کھلاڑی بھی اسکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر ہی آؤٹ ہوگیا۔ فرنانڈو کو حسن علی نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 شکار کیئے، لیگ اسپنر نے پہلی اننگز میں بھی 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیئے تھے، اس کے علاوہ محمد عباس نے 2 ، اسد شفیق، حارث سہییل اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 419 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان نے اس کے جواب میں 422 رنز بنا کر 3 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جارہی ہے جس کے بعد 5 ایک روزہ جب کہ 3 ٹی 20 مقابلے ہوں گے۔