بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / افغان فضائیہ کی اپنے ہی فوجیوں پر بمباری

افغان فضائیہ کی اپنے ہی فوجیوں پر بمباری

قندھار۔ افغانستان کے صوبے ہلمند میں افغان فضائیہ نے زمین پر موجود اپنے ہی فوجی اہلکاروں پر بمباری کر دی جس کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔جبکہ صوبہ اروزگان میں فوجی بیس اٖفغا ن طا لبا ن نے حملہ کر کے اس پر قبضہ کر لیا ،غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے شورش زدہ صوبے ہلمند کے ضلع گرشک میں گزشتہ کئی روز سے طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں اور اس لڑائی میں زمینی افواج کی معاونت کے لیے فضائی کارروائی کی گئی تاہم غلطی سے اس کا نشانہ افغان فورسز کے اہلکار ہی بن گئے۔ہلمند کے گورنر حیات اللہ حیات نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، یہ فضائی حملہ اس جگہ کیا گیا جہاں گزشتہ کئی روز سے طالبان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ دو ماہ قبل اسی ضلع میں امریکی فضائیہ کی بمباری سے 16 افغان اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلمند کے ضلع گرشک کے زیادہ تر علاقوں پر طالبان کا کنٹرول ہے۔ ادھرصوبہ اروزگان میں طالبان نے حملہ کرکے فوجی اڈے پر قبضہ کرلیا جس کے نتیجے میں 20 سیکورٹی اہلکار لاپتہ ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق عسکریت پسندوں نے اروزگان کے ضلع چورہ کے مرکز میں واقع فوجی اڈے پر دھاوا بول دیا۔ افغان فورسز سے شدید جھڑپوں کے بعد عسکریت پسند فوجی بیس پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد سے پولیس اور فوج کے 20 اہلکار لاپتہ ہیں۔ضلع چورہ کے ایڈمنسٹریٹر امین اللہ خلیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نیازو کے علاقے میں جنگجوؤں نے فورسز سے شدید لڑائی کے بعد بیس پر قبضہ کرلیا ہے اور 20 اہلکار لاپتہ ہیں۔

امین اللہ خلیقی نے کہا کہ اڈے کا قبضہ چھڑانے اور لاپتہ اہلکاروں کو ڈھونڈنے کے لیے تاحال مرکز سے کوئی مدد نہیں پہنچی۔صوبائی کونسل کے رکن حیات اللہ فضلی نے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مدد نہ پہنچی تو پورے ضلع پر عسکریت پسندوں کا قبضہ ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب طالبان نے ضلع پر قبضہ اور متعدد سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔