بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کلثوم نواز کی لندن میں کیمو تھراپی کا پہلا سیشن

کلثوم نواز کی لندن میں کیمو تھراپی کا پہلا سیشن

—فوٹو:مریم نواز ٹویٹر

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی برطانیہ میں پہلی کیموتھراپی کے سیشن کی تیاری کی جارہی ہے۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے والدین کی تصاویر جاری کی اور چاہنے والوں سے دعائیں کرنے پر شکریہ ادا کیا، تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔

مریم نواز کی جانب سے ایک اور تصویر بھی جاری کی گئی اورانھوں نے بیماری اور تندرستی میں ایک ساتھ ہونے پر اپنے والدین پر رشک کیا۔

خیال رہے کہ کلثوم نواز کو رواں سال اگست میں لیمفوما کی اس وقت تشخیص ہوئی تھی جب انھیں نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست کے لیے امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔

کلثوم نواز طبی معائنے کے لیے لندن گئی تھیں جہاں انھیں ابتدائی سطح کا لیمفوما تشخیص ہوا تھا جس کے بعد وہ لندن میں ہی زیر علاج ہیں۔

مریم نواز نے کلثوم نواز کی عدم موجودگی میں قومی اسمبلی کی نشست 120 کی انتخابی مہم چلائی تھی اور کامیابی کے بعد والدہ کی عیادت کے لیے لندن روانہ ہوگئی تھیں۔