بریکنگ نیوز
Home / سائنس و ٹیکنالوجی / ناسا میں صلاحیت منوانے والی پہلی پاکستانی نژاد خاتون

ناسا میں صلاحیت منوانے والی پہلی پاکستانی نژاد خاتون

یہ اگست 1990 کی ایک عام سی رات تھی، عموما ََ رات کے اس پہر کا سناٹا بہت پر سکون ہوا کرتا ہے مگر اس روز ہر جانب پھیلی بارود کی بو اور جنگ کے منڈلاتے مہیب بادلوں کے سائے میں یہ سنا ٹا جیسے ہر شے کو نگلنے پر آمادہ نظر آتا تھا ۔

چار سالہ حبا نے ٹھنڈی ہوا سے سرد پڑتی اپنی انگلیوں کے ساتھ ماما کا ہاتھ کچھ اور مضبوطی سے تھاما ۔ اس کا ننھا سا دل پے در پے گونجتے بموں اور ٹینکوں کے دھماکوں کی آوازوں پر لرز پڑتا تھا ۔ ماما نے گھر سے افراتفری میں نکلتے وقت اسے صرف یہ بتایا تھا کہ کویت پر عراق نے حملہ کر دیا ہے اور وہ کسی محفوظ راستے سے سرحد پار کرکے اردن چلے جائیں گے ۔

نہ جانے ابھی اور کتنا سفر باقی تھا ، کچھ دیر کے لیئے وہ لوگ دم لینے ایک چٹان کی آڑ میں بیٹھے تو بے اختیار حبا کی نگاہیں بے کراں آسمان کی وسعتوں میں گم ہوتی چلی گئیں ، آج سے پہلے اس نے کبھی کھلے آسمان تلے بیٹھ کر ، اس پر چمکتے لا تعداد ستاروں اور کٹورا سے چاند کو نہ دیکھا تھا ، یہ حبا کا چاند ستاروں اور سیاروں سے پہلا تعارف تھا ۔

چند برس پاکستان میں گزار کر اسکی فیملی حالات بہتر ہونے پر کویت واپس لوٹی تو اس وقت تک اسٹرانامی میں حبا کی دلچسپی کچھ اور بڑھ چکی تھی ، اگرچہ وہ ریاضی میں ابتدا ہی سے بہت اچھی تھی مگر فزکس اسے قدرے مشکل لگا کرتا تھا ۔

فوٹو بشکریہ ناسا
فوٹو بشکریہ ناسا

اسے علم تھا کہ مستقبل میں اسپیس اور ایروناٹکس میں کچھ غیر معمولی کر دکھانے کے لیئے فزکس پر مکمل دسترس بہت ضروری ہےسو حبا اپنا سارا وقت لائبریریز میں فزکس کے نیومیریکلز اور پرابلمز حل کرکے گزارا کرتی، اوائلِ جوانی سے اس عادت پختہ تھی وہ جب کچھ کر دکھانے کا ارادہ کر لیتی تھی تو پھرراستے کی ساری رکاوٹوں کو روندتی ہوئے منزل پر پہنچ کر دم لیتی تھی ۔

1997 میں حبا نے اعلی ٰ تعلیم کے لیے کویت سے امریکہ جانے اور یونیورسٹی آف فلوریڈا سے کمپیوٹر انجینئرنگ میں گریجویشن کرنے کی ٹھانی تو اس کی عمر صرف سترہ برس تھی، مگر اسکے عزمِ مصمم کو دیکھتے ہوئے اس کے والدین بے فکر تھے ، اور حبا نے ہمیشہ انکی امیدوں اور توقعات سے بڑھ کر کر دکھایا ۔

خلا باز بننے کا خواب اب بھی انگڑائیاں لیتا تھا مگر حبا کو معلوم تھا کہ اس خواب کو تعبیر د ینا اتنا آسان نہیں ، سو دھیرے دھیرے اپنے لیے راستہ بناتی ہوئی آگے بڑھتی رہی، کمپیوٹر انجینئرنگ انکی منزل نہ تھی سو گریجویشن کے بعد ا نہوں نے کینیڈی سپیس سینٹر میں ایک بوئنگ کمپنی جوائن کی جو اس وقت انٹر نیشنل سپیس سینٹر کے ایک اہم مشن پر کام کر رہی تھی ۔

ملازمت کے ساتھ ساتھ حبا نے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جارجیا ٹیک سے الیکٹریکل اینڈ کمپیو ٹر انجینئرنگ میں ماسٹرز کیا، اور 2008 میں اپنی زندگی کا ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے کینیڈی سپیس سینٹر میں ایویونک اینڈفلائٹ انجینئر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالی تو وہ وہاں کام کرنے والی چند کم عمر خواتین میں سے تھی ۔

ان کے کام کرنے کی لگن اور کچھ کر دکھانے کا عزم اتنا پختہ تھا کہ محض چار برس بعد 2012 میں اسے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹوریٹ میں شامل کر لیاگیا جن کا کام ناسا کے مختلف سپیس مشنز کے لانچنگ پروسیس کی معاونت کرنا تھا ۔

اگرچہ حبا کی صرف پیدائش پاکستان کی ہے اور وہ صرف چند ماہ کی تھیں جب ان کے والدین کویت منتقل ہو گئے تھے ، انکا بچپن کویت میں گزرا ، جبکہ سترہ برس کی عمر سے وہ امریکہ میں ہے مگر وہ اب بھی پاکستانی اور ایشیائی کہلائے جانے پر فخر محسوس کرتی ہیں ،وہ اس خطے کی خواتین کے لیئے رول ماڈل بننے کا عزم رکھتی تھی اور اس نے ثابت کر دکھایا کہ اگر انسان چاہے تو نا ممکن کچھ بھی نہیں ہوتا ۔

ناسا جیسے اعلیٰ معیار کے ادارے سے منسلک ہوکر خلا میں بھیجے جانے والے وہیکلز اور اسپیس شپس کی لانچنگ میں بھرپور تکنیکی معاونت بھی بلاشبہ کسی اعزاز سے کم نہیں۔