بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پاکستان نے پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو شکست دے دی

پاکستان نے پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو شکست دے دی

دبئی میں کھیلے جارہے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 83 رنز سے شکست دے دی۔ 

دبئی میں کھیلے گئے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی جانب سے ڈک ویلا اور تھارنگا نے 30 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن چوتھے اوور میں رومان رئیس نے ڈکویلا کو 19 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد چندیمل بیٹنگ کیلیے آئے اور وہ بھی 4 رنز بناکر رومان کا شکار بنے۔

اوپنر تھارنگا نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ 18 رنز پر محمد حفیظ کا نشانہ بنے جس کے بعد کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا، کوشل مینڈس 2، سری وردانہ 0 اور تھسارا پریرا 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تھری مانے وکٹ پر موجود رہے اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ بھی 53 رنز پر ہمت ہار گئے۔

پاکستان کی جانب سے رومان روئیس 3، حسن علی نے 2 جب کہ محمد حفیظ اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکا کے کپتان اپل تھارنگا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا، مہمان ٹیم کو پہلی کامیابی چوتھے اوورز میں ملی جب احمد شہزاد 12 گیندوں پر کوئی رنز بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے، انہیں گماگے نے آؤٹ کیا۔ 75 کے مجموعی اسکور پر فخرزمان بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور 43 رنز بنا کردنان جیا کا شکار ہوگئے، 124 رنز پر محمد حفیظ بھی وندرسے کی گیند پر32 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کے لیے 139 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ اس دوران شعیب ملک 61 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ نوجوان بلے باز بابراعظم نے کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی، وہ 103 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد صرف ایک رنز ہی بناسکے۔ سری لنکا کی جانب سے لکمل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے سری لنکا نے 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو کلین سوئیپ شکست دی تھی۔