بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / چارسدہ میں پولیس وین پر حملہ ٗ ایس ایچ او شہید

چارسدہ میں پولیس وین پر حملہ ٗ ایس ایچ او شہید


چارسدہ ۔تھانہ پڑانگ کے حدود ماجوکی میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کی پڑانگ پولیس پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او پڑانگ اور پولیس کانسٹیبل جاں بحق جبکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران پولیس کے جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لیکر دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی کی نگرانی میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کردیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز صبح ایس ایچ او پڑانگ ایوب خان پولیس کانسٹیبلان شاہ حسین اور عکاز کے ہمراہ معمول کے مطابق گشت کررہے تھے کہ اس دوران کھڑے مشکوک ملزمان جن کے پاس غیر قانونی اسلحہ تھا کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کی جن کے نتیجے میں ایس ایچ او پڑانگ ایوب خان موقع پر جان بحق جبکہ دو کانسٹیبلان شاہ حسین اور عکاز شدید زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں پر کانسٹیبل شاہ حسین زخموں کو تاب نہ لاکر چل بسا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او چارسدہ ظہور آفریدی نے پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرکے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر زخمی ملزم سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی افتخار شاہ کی نگرانی میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کردیا ہے اس دوران مذکورہ ملزمان نے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران بھی پولیس پر فائرنگ کی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم ظاہر شاہ ولد حکمت شاہ ہلاک ہوئے جبکہ انکا بیٹا اختر حسین شدید زخمی ہوادیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے جگہ جگہ چھاپے مار رہے ہیں ۔

تادمِ تحریر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری تھی۔ ڈی پی او چارسدہ ظہور آفریدی ، ڈپٹی کمشنر منتظر خان، ڈسٹرکٹ ناظم فہد ریاض، تحصیل ناظم خلیل بشیر خان، ایم این اے مولانا گوہر شاہ، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلع کونسل میں اپوزیشن لیڈر قاسم علی محمدزئی، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد ریاض خان، مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر میاں ہمایون شاہ کاکا خیل سمیت دیگر سماجی و سیاسی رہنماء چارسدہ ہسپتال پہنچ گئے۔ ڈسٹرکٹ ناظم فہد اعظم خان، ایم این اے مولانا گوہر شاہ، جماعت اسلامی کے امیر محمد ریاض خان، ضلع کونسل چارسدہ میں اپوزیشن لیڈر قاسم علی خان محمدزئی اور دیگر نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

دریں اثناء شہید ہونے والے ایس ایچ او پڑانگ ایوب جان اور کانسٹیبل شاہ حسین کی نماز جنازہ پولیس لائن چارسدہ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ ایم این اے مولانا گوہر شاہ نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں ڈی آئی جی مردان رینج محمد عالم شینواری ، ڈی پی او ظہور آفریدی، ڈپٹی کمشنر منتظر خان، ضلع ناظم فہد اعظم خان، تحصیل ناظم خلیل بشیر خان، ایم پی اے فضل شکور خان، مسلم لیگ (ن) کے میاں ہمایون شاہ کاکا خیل سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی اور اجتماعی دُعا کے دوران مرحوم کے بلند درجات کیلئے دُعا کی۔بعد ازاں ایس ایچ او ایوب خان کی نعش اُن کے آبائی گاؤں شیخ ملتون مردان اور کانسٹیبل شاہ حسین کی نعش دولت پورہ چارسدہ کو روانہ کردی گئی جہاں پر اُنہیں آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔ کانسٹیبل شاہ حسین شادی شُدہ تھے تاہم اُن کے اپنے بچے نہیں تھے اور گزشتہ ہفتے اُن کے بھائی کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی جو کہ شاہ حسین کو بطور بیٹی دی گئی اور آج بروز جمعرات اُس کا عقیقہ تھا۔