بریکنگ نیوز
Home / کھیل / ٹی 20 رینکنگ میں عماد وسیم بولنگ کی ٹاپ پوزیشن سے محروم

ٹی 20 رینکنگ میں عماد وسیم بولنگ کی ٹاپ پوزیشن سے محروم


دبئی:  آئی سی سی ٹوئنٹی20 رینکنگ میں پاکستانی بولر عماد وسیم پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئے۔

ٹوئنٹی20 رینکنگ میں پاکستانی بولر عماد وسیم کی پہلی پوزیشن سے محرومی پر بھارتی جسپریت بمرا کو ایک درجے ترقی نے ٹاپ بولر بنا دیا، افغان بولر راشد خان نے تیسرے نمبر پر حق جتایا، سموئل بدری نے چوتھی پوزیشن پائی، انھیں 2 درجے بہتری ملی جبکہ جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد اسپنر عمران طاہر 2 درجے تنزلی کے باوجود ٹاپ 5میں برقرار ہیں۔

پاکستانی اسپنر شاداب خان ایک ہی جست میں 21 درجے ترقی ملنے پر 47ویں پوزیشن پر قابض ہوگئے۔ محمد عامر ترقی کے 21 زینے طے کرکے 49ویں نمبر پر پہنچے، حسن علی کو 10 درجے کی ترقی نے 63ویں پوزیشن کا حقدار بنایا، جنوبی افریقی اسپنر آرون فانگیسو 19 درجے کی چھلانگ لگاکر47ویں درجے پر آگئے۔

بیٹنگ میں بنگلادیش کیخلاف ٹی 20 انٹرنیشنل کی تیزترین سنچری داغنے والے جنوبی افریقی اسٹار ڈیوڈ ملر کوایک ہی جست میں 16 درجے کی چھلانگ نے 22ویں نمبر پر پہنچایا، ہموطن ہاشم آملا بھی ترقی کے 5 زینے طے کرتے ہوئے ساتویں نمبر پر براجمان ہوگئے، بنگلہ دیشی اوپنر سومیہ سرکار 19 درجے ترقی پاکر28ویں پوزیشن پر آئے،سری لنکا سے سیریز کے ہیرو پاکستانی بیٹسمین شعیب ملک 3 درجے ترقی پانے پر 26 ویں پوزیشن کے حقدار بنے، ٹاپ 4 پوزیشنز میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی بدستور نمبرون ہیں، آرون فنچ نے دوسری، ایون لوئس نے تیسری اور کین ولیمسن نے چوتھی پوزیشن سنبھالے رکھی ، گلین میکسویل ایک درجے ترقی ملنے پر ٹاپ 5کا حصہ بن گئے۔پانچ بہترین آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن، گلین میکسویل، محمد نبی، مارلون سموئلز اور جین پال ڈومنی شامل ہیں۔

ٹیم پوزیشنز میں پاکستان نے سری لنکا کیخلاف دوسری پوزیشن کو مستحکم کرلیا، گرین شرٹس نے 3 ریٹنگ پوائنٹس جوڑ کر ٹاپ سائیڈ نیوزی لینڈ سے دوری کم کرلی۔ دونوں ملکوں میںاب محض ایک پوائنٹ کا فرق رہ گیا، کیوی ٹیم بدھ سے بھارت کیخلاف تین میچز کی سیریز شروع کرنے جارہی ہے، بلو شرٹس کے ہاتھوں شکست پر پاکستان کے پاس مختصر فارمیٹ کی نمبرون ٹیم بننے کا موقع ہے جبکہ ویسٹ انڈیز تیسرے، انگلینڈ چوتھے، بھارت پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے، آسٹریلیا ساتویں، سری لنکا آٹھویں، افغانستان نویں جبکہ بنگلادیش دسویں پوزیشن پر ہے۔