بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / اوگرا نے آئل ٹینکرز کے کرایوں میں 64 فیصد اضافہ کر دیا

اوگرا نے آئل ٹینکرز کے کرایوں میں 64 فیصد اضافہ کر دیا


اسلام آباد۔اوگرا نے آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشنز کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ، جس کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)نے آئل ٹینکرز کے کرایوں میں 64 فیصد تک اضافہ کر دیا، مختصر روٹس کے کرائے 141 روپے سے بڑھا کر 360.62 روپے کردیے گئے،148 کلومیٹر سے 560 کلومیٹر تک کے سلیب کیلیے موجودہ ریٹ میں 20 فیصداضافہ کر دیا گیا ہے۔

اوگرا کی جانب جاری کیے گئے نئے کرایوں کے نوٹیفکیشن کے مطابق مختصر روٹس کے کرائے 141 روپے سے بڑھا کر 360.62 روپے کردیے گئے۔148 کلومیٹر سے 560 کلومیٹر تک کے سلیب کیلیے موجودہ ریٹ میں 20 فیصداضافہ کر دیا گیا ہے۔اوگرا اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان آئیل ٹینکرز کے کرایوں میں اضافے پر اتفاق چند ہفتے قبل ہوا تھا تاہم اوگرا کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پرآئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال دی ہوئی تھی جوکام کر گئی اوراوگرانے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر پہاڑی علاقوں کیلئے تیل کی ترسیل کیلیے اس نوٹفیکیشن کا اطلاق نہیں ہو گا، ان علاقوں کیلیے اگلے مرحلے میں کرایوں میں اضافہ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں بھی آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے کرایوں اور اوگرا کی جانب سے متعارف کروائے گئے سیفٹی رولز کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی تھی۔یہ احتجاج اس وقت ختم ہوا تھا، جب دونوں فریقین آئل ٹینکرز کے کرایوں میں اضافے اور تمام مسائل کے 15 دن کے اندر حل پر متفق ہوئے تھے۔