بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کل سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان

کل سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان


لاہور/ کراچی /چنیوٹ۔پنجاب میں گہری دھند کا سلسلہ تاحال برقرارہے جبکہ ٹریفک حادثات میں 2 خواتین جاں بحق اورمتعدد افراد زخمی ہوگئے،محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنائی ہے کہ بارشیں برسانے والا سسٹم ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگیا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال اورجنوبی پنجاب کے شہردھند کی لپیٹ میں ہیں۔ پاکپتن،عارف والہ، بہاولنگراور مظفر گڑھ میں حدنگاہ صفرہوگئی، جس کے باعث آمدورفت کے ذرائع متاثرہوگئے ۔ متعدد پروازیں منسوخ اور ٹرینیں کی روانگی تاخیرکا شکارہوگئی جب کہ موٹروے کو بھی کئی مقامات پربند کردیا گیا ہے۔

حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے حادثات بھی بڑھ گئے ہیں۔چنیوٹ میں جھنگ روڈ پرتیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار لڑکی جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔ لودھراں میں بھی جلالپور روڈ پر کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔دھند کی وجہ سے قومی شاہراہ اور چھوٹی سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے دوران ڈرائیونگ گاڑی کی رفتار کم رکھنے اور فوگ لائٹس کو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق موسم کی غیر یقینی صورتحال کے باعث پی آئی اے اپنے شیڈول میں تبدیلی کر رہی ہے، پی آئی اے لاہور سے رحیم یار خان کی دو پروازیں منسوخ کردی گئیں، کراچی سے ملتان کی دو طرفہ پروازیں بھی خراب موسم کی نذر ہو گئیں ۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 718 مدینہ سے فیصل آباد کی بجائے مدینہ سے کراچی آئے گی، کویت سے لاہور کی پرواز اب کویت سے کراچی چلائی جائے گی، لاہورسے اسلام آباد کی دو طرفہ پروازیں 4 گھنٹے کی تاخیر سے چلائی جائیں گی، لاہور سے اسلام آباد پی کے 651 تین گھنٹے 30 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوگی۔دوسری طرف محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والاسلسلہ پیراورمنگل کوپاکستان میں داخل ہوگا، جو ملک بھرمیں پھیل جائے گا۔

بارشوں سے اسموگ کی چھٹی اوردھند میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔ دوسری طرف کمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے جس کے باعث اسموگ میں بتدریج کمی واقع ہوگی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل پیر اور منگل کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے کہ اور کراچی میں بھی آئندہ دو روز کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب، سبی، قلات اور نصیرآباد ڈویژن کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے جب کہ مکران ڈویژن اور فاٹا میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

بالائی پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں بارش کا امکان ہے جب کہ اسلام آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔کراچی اور لاڑکانہ ڈویژن میں پیر سے بدھ کے درمیان بارش کا امکان ہے جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔