بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نواز شریف نے 3 ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ چیلنج کردیا

نواز شریف نے 3 ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ چیلنج کردیا


اسلا م آبا د۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل اعظم تارڑ نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔درخواست کے متن کے مطابق احتساب عدالت نے جلد بازی میں فیصلہ دیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے میں درج وجوہات کو زیر غور نہیں لایا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 3 ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواست سماعت کے لئے مقرر کی جائے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاناما کیس میں نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کو یکجا کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس پر عدالت عالیہ نے فیصلہ دیتے ہوئے احتساب عدالت کو نظر ثانی کا حکم دیا تھا تاہم احتساب عدالت نے سماعت کے بعد نوازشریف کی درخواست مسترد کردی تھی۔

احتساب عدالت کے 9 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ تینوں ریفرنسز میں عائد کیے گئے الزامات مختلف ہیں اور تینوں ریفرنسز میں صرف دو گواہان مشترک ہیں۔ واضح رہے کہ نیب نے شریف خاندان کے خلاف لندن پراپرٹیز، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے تین ریفرنس دائر کیے ہیں جن میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم بھی عائد کی جاچکی ہے۔