بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / مہمند ایجنسی میں طوفانی بارش نے 2بچیوں کی جان لے لی

مہمند ایجنسی میں طوفانی بارش نے 2بچیوں کی جان لے لی


مہمند ایجنسی ۔مہمند ایجنسی کی تحصیل حلیمزئی سامی خیل میں بارش کے دوران کمرے کی چھت گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق جبکہ والد اور والدہ زخمی‘ ادھر کمالی حلیمزئی میں آسمانی بجلی گرنے سے تین افراد زخمی ہوگئے تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں تین ماہ بعد ہونے والی بارش سے تحصیل حلیمزئی سامی خیل میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات نیاز علی نامی شخص کے مکان کی چھت گر گئی۔ جس کے نتیجے میں محو خواب نیاز علی کی 2 بیٹیاں 10 سالہ رادینہ اور 6 سالہ صائمہ ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ والد اور والدہ زخمی ہو گئے۔

پی اے مہمند کی ہدایت پر اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ حمید اللہ خٹک نے متاثرہ مکان کا دورہ کیا ‘ جانی نقصان پر پولیٹیکل انتظامیہ حکام نے غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندان کو 4 ٹینٹ‘ آٹا‘ چینی‘ چاول‘ گھی وغیرہ کے علاوہ کفن دفن کیلئے نقد مالی امداد حوالے کر دی گئی۔ دریں اثناء اسی رات اپر حلیمزئی کے علاقہ کمالی میں بارش کے دوران گھروں پر آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد عثمان ولد غلام سید‘ راحت شاہ ولد رحیم شاہ اور ساجد ولد بنات زخمی ہو گئے۔

جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کو بھی ٹینٹ اور خوراکی اشیاء فراہم کر کے زخمیوں کا علاج سرکاری خرچ پر کرنے کا اعلان کیا۔ دریں اثناء گورنرخیبرپختونخو اانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے بدھ کے روز مہمندایجنسی کی تحصیل حلیمزئی میں گھرکی چھت اورآسمانی بجلی گھرنے سے قیمتی جانی نقصان پردلی دکھ اورافسوس کا اظہارکیاہے اورپولیٹکل انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہرممکن تعاون کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پسماندگان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے جاں بحق افراد کی درجات کی بلندی کیلئے دعا اور زخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہارکیاہے۔