بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / عوام کو بار بار بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا ٗ عمران خان

عوام کو بار بار بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا ٗ عمران خان


اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا دعویٰ قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہے ، مگر بار بار لوگوں کو بیوقوف بنانا ممکن نہیں،نواز شریف کی یہ کوشش کہ عوام ان کا احتساب کریں آئین سے روگردانی اور فساد برپا کرنے کی کوشش ہے ، عدلیہ اور آئین پر نواز شریف کے حملوں سے ثابت ہے کہ ان کے پاس اپنے جرائم کے دفاع میں کہنے کیلئے کچھ نہیں، نواز شریف مافیا ہر قیمت پر بیرون ملک چھپائے تین سو ارب بچانا چاہتا ہے ۔

پیر کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا یہ دعوی کے عوام ان کا احتساب کرینگے قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہے ، نواز شریف چاہتے ہیں کہ تمام لوگوں کو ہر وقت بیوقوف بنائے رکھا جانا چاہیے، مگر بار بار لوگوں کو بیوقوف بنانا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ آئینی طور پر ان کا کام اپنے نمائندے منتخب کرنا ہے، عوام کو بخوبی احساس ہے کہ قانون کی عملدآری یقینی بنانا عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔

چنانچہ احتساب کا اصل فریضہ آئینی طور پر عدلیہ کے ذمہ ہے ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف کی یہ کوشش کہ عوام ان کا احتساب کریں آئین سے روگردانی اور فساد برپا کرنے کی کوشش ہے ، عدلیہ اور آئین پر نواز شریف کے حملوں سے ثابت ہے کہ ان کے پاس اپنے جرائم کے دفاع میں کہنے کیلئے کچھ نہیں،نواز شریف مافیا ہر قیمت پر بیرون ملک چھپائے تین سو ارب بچانا چاہتا ہے۔