بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / دیر پائیں میں ملاکنڈ لنک روڈ کا افتتاح

دیر پائیں میں ملاکنڈ لنک روڈ کا افتتاح


پشاور۔خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے دیر پائیں میں ملاکنڈ لنک روڈ کا افتتاح کر دیا۔ مذکورہ منصوبے کے ذریعے حلقہ پی کے 94 کے علاقے ملاکنڈ اور آس پاس کی آبادی کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں گی۔ اس موقع پر متعلقہ محکمہ جات کے نمائندوں کے علاوہ علاقہ معززین اور جماعت اسلامی کی مقامی قیادت اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی صوبائی وزیرخزانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں شاہراؤں اور رابطہ سڑکوں کا اہم کردار ہوتا ہے اور ملاکنڈ رابطہ سڑک کے ذریعے مقامی سطح پر عوام کو آمدو رفت کی بہترین سفری سہولیات میسر آ سکیں گی جبکہ یہ اہم منصوبہ علاقے کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کا یہ وژن ہے کہ کثیرا لمقاصد نوعیت کے بڑے منصوبوں کیساتھ ساتھ دیہی سطح پر عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے بھی ایسے موثر اقدامات اٹھائے جائیں جو عوام کی دیر پا اور پائیدار ترقی کے ضامن بن سکیں یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر کے دیہی اور دور افتادہ علاقوں کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے ہر شعبہ زندگی میں نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دیر پا ئیں موجودہ صوبائی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی تر جیہات میں شامل ہے۔