بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کوہاٹ میں خواتین کی پہلی کھلی کچہری کا انعقاد

کوہاٹ میں خواتین کی پہلی کھلی کچہری کا انعقاد


پشاور ۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محترمہ گل بانونے خواتین کے مسائل کے حل کے لئے اربنIII-جنگل خیل کوہاٹ میں کوہاٹ کی تاریخ کی اپنی نوعیت کی خواتین کی پہلی کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں خواتین کی کثیر تعداد کے علاوہ متعلقہ محکموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔کچہری کے شرکاء نے خواتین کے لئے خصوصی طور پر کھلی کچہری کے انعقاد پرضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کھل کر اپنے مسائل پیش کئے جن کے حل کے لئے متعلقہ محکموں نے مسائل کے حل کے لئے باقاعدہ ٹائم فریم دے دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ حکومت خواتین کی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے اور پوری کوشش ہے کہ خواتین کو بھی قومی دھارے میں لا کرانہیں ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے کے برابر مواقع دے۔انہوں نے کہا کہ روشن مستقبل کے لئے ملک کی خواتین کی 52فیصدآبادی کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔گل بانو نے انکشاف کیا کہ حکومت ہنر مند خواتین کی حوصلہ افزائی کے لئے مارکیٹ بنانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکیں۔

انہوں نے ہنرمند خواتین سے کہا کہ وہ اپنے نا م حکومت کے ساتھ رجسٹر ڈکرائیں تاکہ مستقبل میں ان سے استفادہ کیا جاسکے۔انہوں نے خواتین کی جانب سے مالی امداد کے لئے دی گئی درخواستوں پر موقع پر ضروری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کے حوالہ کیں اور انہیں ان درخواستوں پر فوری طورپر عملدرآمد کرتے ہوئے پیش رفت کی رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے یقین دلایا کہ کھلی کچہر ی کے ہر فیصلے کا فالواپ ہوگا اور اس پر من و عن عملدرآمدبھی ہوگا ۔