بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نیب ریفرنس: نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

نیب ریفرنس: نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور


قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے جمع کرائی گئی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت نے منظور کرلی تاہم مریم نواز کی درخواست مسترد کردی گئی۔

خیال رہے کہ آج صبح 9 بجے ہونے والی سماعت میں نواز شریف کے وکیل کی جانب سے احتساب عدالت میں اپیل کی گئی تھی اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے آج ریفرنسز کو یکجا کرنے کے حوالے سے متوقع فیصلے کے پیش نظر سماعت کی کاروائی کو موخر کردیا جائے۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے ایک بجے تک اپنی کاروائی کو موخر کردیا تھا تاہم نواز شریف ایک بجے مصروفیات کی بناء پر پیش نہیں ہوسکے تھے۔بعد ازاں احتساب عدالت نے اپنی کارروائی کا پھر سے آغاز کرتے ہوئے نیب استغاثہ کے 3 گواہان کے بیانات قلم بند کیے۔

اس موقع پر نواز شریف اور ان کی صاحبزادی دوبارہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے سماعت کے دوران نواز شریف کو ایک ہفتے تک حاضری سے استثنیٰ دے دی تاہم مریم نواز کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی گئی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مریم نواز کو پہلے ہی حاضری سے استثنیٰ دی جاچکی ہے، جس کی مدت 15 نومبر سے 15دسمبر تک تھی.

خیال رہے کہ احتساب عدالت میں جاری العزیزیہ اسٹیل ملز، ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت میں پیش ہونے کے لیے نوازشریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ نجی طیارے میں لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے۔