بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سرکاری اداروں کو خود مختار بنایا جارہا ہے ٗ پرویز خٹک

سرکاری اداروں کو خود مختار بنایا جارہا ہے ٗ پرویز خٹک


پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں تیل و گیس کی تلاش کے ساتھ ساتھ توانائی اور آمدن کے وسائل بڑھانے کے سلسلے میں صوبائی آئل اینڈ گیس کمپنی (کے پی او جی سی ایل ) کی واضح پیشر فت اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اس کی ناگزیر مالی ضروریات کی تکمیل کیلئے فوری اقداما ت کا یقین دلایا ہے تاہم واضح کیا ہے کہ اوجی سی ایل سمیت تمام اداروں کو پیداواری منافع بخش کمپنیوں کے طور پر کام کرنا ہو گا جس میں صوبائی حکومت بھر پور معاونت اور سرپرستی کرے گی ۔

وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی کی کارکردگی سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے وزیراعلیٰ نے کمپنی کی فوری مالی ضرورت پوری کرنے کیلئے درکار 70 کروڑ روپے کی اسی ماہ فراہمی کی ہدایت کی تاہم واضح کیا کہ کمپنی کیلئے رواں مالی سال میں مختص پانچ ارب روپے کی مکمل فراہمی اسی صورت میں یقینی بنائی جائے گی جب یہ اپنی پیداواری صلاحیت اور آمدن و منافع کے ذرائع میں نمایاں اضافہ کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ادارے چلانے اور انہیں سفید ہاتھی بنا کر قومی وسائل ضائع کرنے کی بجائے نجکاری پریقین رکھتی ہے کیونکہ نجی شعبے میں مہیا کردہ سہولیات کی کارکردگی اور معیار تسلی بخش ہو تا ہے جبکہ حکومت کاکام صرف نگرانی تک محدود ہوتا ہے اوریہی وجہ ہے کہ اداروں کو سرکاری عمل داری سے نکال کر خود مختار بنایا جارہا ہے تاکہ اُن کی پیداواری استعداد میں اضافہ ہو۔

انہوں نے او جی سی ایل کے زیر اہتمام تین آئل ریفائنریوں ، جدید ٹیکنکل لیبارٹری اور فرٹیلائزر پلانٹس کے قیام سے متعلق پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا جبکہ صوبے کے مختلف علاقوں میں قدرتی طور پر نکلنے والی گیس کے 24 مقامات کی نشاندہی کے علاوہ ان میں بونیر اور متنی پشاورکے قریب تین مقامات کی گیس سے استفادے پر کام شروع کرنے کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ۔