بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سمجھوتہ ایکسپریس اورپاک بھارت دوستی بس 149 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ

سمجھوتہ ایکسپریس اورپاک بھارت دوستی بس 149 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ


لاہور۔ بھارتی حکومت نے گذشتہ روز معطل ہونے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین سروس کو بحال کر دیا ، ٹرین 138 مسافروں کو لیکر بھارت کیلئے روانہ ہو گئی۔ پاک بھارت دوستی بس سروس بھی گیارہ مسافروں کو لے کر واہگہ بارڈر کے راستے نئی دہلی چلی گئی۔ کسانوں نے احتجاج کا بہانہ بنا کر سمجھوتہ ایکسپریس کو بھارت جانے سے روکا پھر اچانک اجازت دیدی۔ صبح آٹھ بجے ٹرین کے ذریعے 138 پاکستانی مسافر بھارت کیلئے روانہ ہوئے۔ اسٹیشن پر لوگوں کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کو چھوڑنے کے لئے موجود تھی۔

اس دوران رقت آمیز مناظر بھی دیکھے گئے۔ مسافروں نے سمجھوتہ ایکسپریس کی بحالی کو خوش آئندہ قرار دیدیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان امن ہونا چاہیے۔ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ کچھ مسافر کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے بھارت نہ جاسکے۔ دوسری طرف پاک بھارت دوستی بس سروس کی بس لبرٹی ٹرمینل سے 11 مسافروں کو لے کر براستہ واہگہ صبح 6 بجے روانہ ہوئی۔ خاتون مسافر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پیار برقرار رہنا چاہیے۔ پاک بھارت بس سروس کو واہگہ بارڈر پر کسٹم اور امیگریشن کے بعد نئی دہلی روانہ کیا گیا۔ بس کی سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیکنگ بھی کی گئی۔