بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / طیارہ حادثے میں جاں بحق 23 افراد کی میتیں اسلام آباد منتقل

طیارہ حادثے میں جاں بحق 23 افراد کی میتیں اسلام آباد منتقل


طیارہ حادثے میں جاں بحق 23 افراد کی میتیں اسلام آباد منتقل کردی گئیں ۔باقی میتیں بھی جلد لائی جائیں گی ۔ورثا کے سپرد کرنے سے پہلے ڈی این اے ٹیسٹ سے شناخت کی جائےگی ۔

پہلے مرحلے میں تین ہیلی کاپٹروں میں میتیں اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد پہنچائیں گئیں،اسلام آباد ہیلی پیڈ سےمیتیں پمزکےلیےروانہ کردی گئیں،پمز اسپتال میں لواحقین کی سہولت کے لیے ڈیسک قائم کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ایبٹ آباد سے 20سے زائد ایمبولینسز میں میتیں اسلام آباد زیروپوائنٹ تک پہنچ گئیں۔میڈیکل کمپلیکس میں چھ افراد کی ہی شناخت ممکن ہوسکی تھی ۔

جاں بحق افراد کے لواحقین کو پمز اسپتال میں ڈی این اے نمونے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔جنید جمشید کے بھائی ہمایوں کے نمونے حاصل کرلیے گئے ۔ وزیر مملکت طارق فضل چودھری کا کہناہےکہ ڈی این اے سیمپلنگ میں 6 سے 7 دن لگ سکتےہیں ۔

پی آئی اے نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو اسلام آباد لے جانے کےلیے فری ٹکٹ کی سہولت فراہم کردی ۔ ایرلائن کا کہناہے کہ جو لواحقین حادثے کی جگہ جانا چاہیں بذریعہ سڑک ایبٹ آباد لے جانے کا بھی انتظام ہے۔

دوسری طرف ایئر کموڈور منیر بٹ کی سربراہی میں تشکیل کردہ ٹیم نےجائے حادثہ کا دورہ کیا اورواقعے کےشواہد اکٹھےکیے۔

پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ گزشتہ شام حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا ۔