بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نیب کرپشن کا سہولت کار بن گیا ہے، جسٹس عظمت سعید

نیب کرپشن کا سہولت کار بن گیا ہے، جسٹس عظمت سعید

اسلام آباد۔سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید نے نیب کو کرپشن کا سہولت کار اور دل و دماغ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے رینٹل پاور کیس میں ملزم کی عدم گرفتاری کا کیا ریٹ چل رہا ہے۔سپریم کورٹ میں رینٹل پاور کیس کی سماعت ہوئی، کیس میں نامزد سابق صدر آ زاد کشمیر کے بیٹے راجہ بابرذوالقرنین کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے پیش کی گئی جس پر جسٹس عظمت سعید نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب بتائے کہ ملزمان کو گرفتار نہ کرنے کا کیا ریٹ چل رہا ہے۔

جس پر ڈی جی نیب نے عدالت کو نیب کی پالیسی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے نیب کی اپنی پالیسی ہے نیب تفتیش میں تعاون کرنے والوں سمیت رضاکارانہ رقم واپس کرنے والوں اور بزرگ شہریوں کو بھی گرفتارنہیں کرتا۔اس موقع پرجسٹس عظمت سعید نے کہا کہ نیب ملک میں کرپشن کا سہولت کار بنا ہوا ہے ملک میں کرپشن کا دل اوردماغ نیب کا ادارہ ہے پہلے گلیوں میں گٹر صاف کرنے کی آوازیں لگتی تھیں اب لوٹی گئی رقم کی رضاکارانہ واپسی وی ٹی کی لگتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایک سو اٹھائیس ملین ڈالرکاکیس ہے ملزمان کے وارنٹ بھی جاری نہیں ہوئے نیب کی پالیسیاں سمجھ سے بالاتر ہیں۔عدالت نے ملزم بابر ذوالقرنین کے خلاف شواہداور ریفرنس پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت پر جواب نہ آیاتوچئیرمین نیب خود عدالت میں پیش ہوں۔واضح رہے کہ رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے اہم رہنما راجا پرویز اشرف ضمانت پر رہا ہے۔