بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بھارتی فوج کی سکول بس پر فائرنگ،ڈرائیور جاں بحق ، 10 طلبا زخمی

بھارتی فوج کی سکول بس پر فائرنگ،ڈرائیور جاں بحق ، 10 طلبا زخمی

مظفرآباد۔آزاد جموں و کشمیر کے قریب لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فورسز کی سکول بس پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ 10 طالب علم زخمی ہوگئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے بھارتی فوج کی سکول بس پر فائرنگ سے ایک شہری کے شہید جبکہ 4طالبعلموں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ۔ کوٹلی ڈسٹرکٹ کے اسسٹنٹ کمشنر ذیشان خان کے مطابق نکیال سیکٹر میں ہندوستانی فورسز کی جانب سے جاری اشتعال انگیز فائرنگ کی زَد میں اسکول بس آئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ 10 بچے زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بنانے والی بس میں نجی سکول کے 20 طلبا سوار تھے جن کی عمریں 8 سے 15 برس کے درمیان تھیں۔ انھوں نے بتایا کہ 4 زخمی بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کوٹلی منتقل کردیا گیا ۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر میں سکول وین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید جبکہ 4طالبعلم زخمی ہوگئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا اور انہیں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے فائرنگ کی جارہی تھی ۔یادرہے کہ گذشتہ ماہ 29 نومبر کو جنرل قمر باجوہ کی جانب سے پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد سے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ ہے۔اس سے قبل 23 نومبر کو بھی بھارتی فوج نے وادی نیلم کے علاقے لوات میں ایک مسافر بس کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 9 مسافر جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے تھے، فائرنگ کا نشانہ بننے والی کوسٹر مظفرآباد جارہی تھی۔