بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / پاکستان ریاست خالصتان کے قیام کیلئے ہماری مدد کرے، امرجیت سنگھ

پاکستان ریاست خالصتان کے قیام کیلئے ہماری مدد کرے، امرجیت سنگھ


نئی دہلی۔بھارت میں سکھوں کی علیحدگی پسند تنظیم خالصتان تحریک کے رہنما امر جیت سنگھ نے کہا ہے کہ بارہ برس کے دوران بھارت میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد سکھوں کو قتل کردیا گیا، آر ایس ایس دنیا کی سب سے دہشت گرد تنظیم ہے، کشمیر میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے ظلم جاری ہے، پاکستان مدد کرے تو خالصتان ریاست بنا سکتے ہیں۔گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت میں موجود خالصتان تحریک کے رہنما امرجیت سنگھ نے کہا کہ اکھنڈ بھارت کے حامیوں نے پاکستان کو آج تک تسلیم نہیں کیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ریاس خالصتان قائم ہونی چاہیے جس کے قیام کے لیے پاکستان ہماری مدد کرے، پاکستان اور خالصتان کا مستقبل ایک ہے،پاکستانی پالیسی میکرز جائزہ لیں کہ خالصتان تحریک کی کس طرح مدد کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ جلیاں والا باغ میں 400 سکھوں کو قتل اور 900 کو زخمی کیا گیا جبکہ 1984 میں اس سانحے سے بھی بڑی کارروائی کی گئی، جمہوریت کے نام پر کئی جلیاں والا باغ جیسے مظاہرے ہوئے گویا نازیوں کا جو طریقہ کار تھا وہ آج بھی بھارت میں رائج ہے۔امر جیت سنگھ کا کہنا تھا کہ سکھوں کے ساتھ وعدہ کیا گیا تھاکہ بھارتی ریاست اتر پردیشن میں ایسا خطہ آپ دیا جائے گا۔

جہاں آپ نمو پاسکیں لیکن وہ وعدہ آج تک وفا نہ ہوا،خالصتان پرامن تحریک تھی لیکن 84 تا96 بارہ برس کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد سکھوں کو قتل کیا گیا، سکھوں کی ایک نسل ختم کردی گئی اور دوسری کو نشے کی راہ پر لگادیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ناگاہ پور اور منی لینڈ سمیت اس وقت 10 سے زائد ریاستوں میں آزادی کی تحاریک جاری ہیں، دلت اور قبائلیوں کے ساتھ بدترین سلوک ہوتا ہے۔

طلبہ کی خودکشی اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کا واقعہ سب کے سامنے ہے لیکن یہاں انسانی حقوق کی تنظیموں کی رسائی نہیں ہے، بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بہت سے واقعات ریکارڈ پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے ظلم و ستم جاری ہے، بھارت کشمیر کی صورتحال کوکنٹرول نہیں کر پارہا، آر ایس ایس دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد تنظیم بن گئی ہے اور بھارت میں ہندو ایجنڈا مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اڑی حملہ تو دور کی بات امریکا میں حملے کا الزام بھی بھارت پاکستان پر ڈال دیتا ہے۔