بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / عالمی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کا جنگی جنون کم نہ ہوسکا

عالمی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کا جنگی جنون کم نہ ہوسکا

پیانگ یانگ۔عالمی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کا جنگی جنون کم ہونے میں نہیں آرہا،شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان نے سال نو کے موقع پر اپنے پیغام میں ہتھیاروں کی دوڑ میں آگے بڑھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کریں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کا سال نو کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ ان کا ملک جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی میزائل بنانے کے قریب ہے۔پیانگ یانگ نے گذشتہ سال بھی دو جوہری تجربات کیے تھے۔

جن میں سے ایک کو اب تک شمالی کوریا کا سب سے طاقتور تجربہ کہا جا رہا ہے۔اقوام متحدہ نے ایک قرارداد کے ذریعے شمالی کوریا سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے جوہری اور میزائل تجربات نہ کرے۔شمالی کوریا کے نوجوان رہنما کم جانگ ان نے 2011 میں اپنے والد کے مرنے کے بعد ایک ایسی ریاست کا کنٹرول سنبھبالا جس کے دنیا کے ساتھ محدود نوعیت کے تعلقات ہیں۔کم جانگ ان نے نئے سال کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا نئی اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہتھیاروں کی تیاری میں پیش رفت ہو رہی ہے اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ اپنے آخری مرحلے میں ہے۔

شمالی کوریا نے حال ہی میں دعوی کیا تھا کہ اس نے امریکہ تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل کی تیاری میں کامیابی حاصل کی ہے۔ایک سینئیر امریکی فوجی اہلکار کا کہنا ہے کہ اگرچہ شمالی کوریا بظاہر چھوٹے جوہری ہتھیار لے کر جانے والے میزائل بنانے کی صلاحیت حاصل کر چکا ہے۔ تاہم طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کی ٹیکنالوجی کو حاصل کرنا شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام میں توسیع کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔واضح رہے کہ شمالی کوریا پر جنگی جنون کے باعث عالمی پابندیاں لگائی گئی تھیں اسکے باوجود شمالی کوریا کی جانب سے اشتعال انگیزیاں جاری ہیں۔