یمن سے تل ابیب کے بن گوریون ائیرپورٹ پر بیلسٹک میزائل حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران پر حملے کی دھمکی دے دی۔
نیتن یاہو نے کہا حوثی حملے کے جواب میں حوثیوں کے ایرانی آقاؤں کو اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر جواب دیں گے۔
دوسری جانب میزائل حملے کے بعد امریکا اور کئی یورپی ممالک کی ائیرلائنز نے تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں روک دیں۔
یاد رہے کہ یمنی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا بیلسٹک میزائل اسرائیل کے مرکزی بن گوریون انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے احاطے میں آ گرا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق میزائل گرنے کے نتیجے میں ائیر پورٹ کی ایک سڑک اور گاڑی کو نقصان پہنچا اور فضائی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی جب کہ حملے میں 8 افراد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اتوار کی صبح داغے گئے میزائل کو روکنے کی متعدد کوششوں کے باوجود اسرائیلی دفاعی نظام اسے تباہ کرنے میں ناکام رہا۔
حوثیوں کے عسکری ترجمان یحییٰ سریع نے اس حملے کے بعد ائیرلائنز کو خبردار کیا ہے کہ بن گوریون ائیرپورٹ اب فضائی سفر کے لیے محفوظ نہیں رہا۔