حیدرآباد گیس سلنڈر دھماکہ، مزید دو زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی

حیدرآباد گیس سلنڈر دھماکے کے مزید 2 زخمی کراچی کے سول برنس وارڈ میں دم توڑ گئے، گیس سلنڈر دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔

ایم ایس کے مطابق سول اسپتال میں 7 زخمی زیرعلاج ہیں جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔

چند روز قبل حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا تھا جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی، آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے۔

دھماکے اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جب کہ آگ کے باعث متعدد افراد بھی جھلس گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد پریٹ آباد واقعہ کے بعد شہر میں ایل پی جی کی دکانیں بند کرا دی گئی ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرکا کہنا ہے کہ ایل پی جی کا کاروبار کرنے والوں کو این او سی لینا ہوگی، آبادی میں کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ہائی ویز پر ایل پی جی کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے گی۔